سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے )شاعری نعمتِ خداوندی ہے ۔ شاعر آسودہ خاک ہو جاتا ہے
سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے )شاعری نعمتِ خداوندی ہے ۔ شاعر آسودہ خاک ہو جاتا ہے لیکن اس کی شاعری اسے زندہ رکھتی ہے ۔ سرگودھا کے بزرگ شاعر نصراللہ خان آدم نے اردو ، فارسی اور انگریزی میں مشق سخن کر کے اپنی خداداد صلاحیتوں کا ثبوت دیا ۔ نصراللہ خان آدم آج ہم میں نہیں لیکن ان کے شعری مجموعے انھیں زندہ رکھے ہوئے ہیں ۔ سرگودھا کی مٹی ادبی اعتبار سے بہت زرخیز ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے نصراللہ خان کی پانچویں برسی کے موقع شعری مجموعہ ”نالہ ء دل “ کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس کا اہتمام بزم آدم سوسائٹی سرگودھا نے کیا۔ اس موقع پر مہمانان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر شفیق آصف اور نامور قلمکارہ محترمہ نجمہ منصور ، ذوالفقاراحسن ، تقویم آدم ، طارق نذیر احمد سدھو ، یونس خاموش ، عمیر آصف ، اویس ذوالفقاراحسن ، زاہد ندیم اور دیگر بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے مزید کہا کہ سرگودھا کے گم نام اہل قلم کو دریافت کرنے میں ذوالفقاراحسن کی خدمات قابل تعریف ہیں ۔ ” نالہ ء دل “ ایسا شعری مجموعہ ہے جس کے مطالعہ سے قاری اسے اپنے دل کی آواز سمجھتا ہے ۔ تصوف میں ڈوبی یہ شاعری ہمارے دل کے دروازوں پر دستک دیتی ہے ۔ تصوف کے رنگ نصر اللہ خان آدم کے سنگ چلتے محسوس ہو رہے ہیں ۔ ڈاکٹر شفیق آصف نے کہا کہ ہمیں بزرگوں کے نقش قدم پر چلنا چاہیے ۔ سرگودھا ادبی لحاظ سے بڑا ذرخیز خطہ ہے ۔ انھوں نے اپنے شعروں میں معاشرے کے مسائل کے علاوہ تصوف کا رنگ بھی پیش کیا ہے ۔ محترمہ نجمہ منصور نے کہا کہ نصراللہ خان آدم کا شعری مجموعہ ” نالہ ء دل “ ان کی فکری گہرائی ، موضوعاتی وسعت اور شعری جہات کو واضح کرتا ہے۔ انھوں نے شاعری کو محض جذباتی اظہار تک محدود نہیں رکھا بل کہ اسے انسانی فطرت ، سماجی رویوں اور اخلاقی قدروں کے مطالعے کا وسیلہ بنایا ہے ۔ ان کے نزدیک شاعری زندگی کی داخلی او رخارجی حقیقتوں کو سمجھنے کا ایک سنجیدہ عمل ہے جس میں فکر اور احساس ایک دوسرے سے جدا نہیں بل کہ باہم پیوست ہیں ۔ تقریب کے کمپیئر اور معروف شاعر و نقاد ذوالفقارحسن نے کہا کہ نصر اللہ خان آدم سرگودھا کے ایک ایسے خوبصورت لب و لہجے کے شاعر تھے جن کے ہاں ہمیں مزاحمتی رویے اور معاشرے مسائل کے علاوہ رنگ تصوف بدرجہ اتم موجود ہیں ۔ یونس خاموش نے کہا کہ نصراللہ خان آدم کی شاعری مقصدیت کے گرد گھومتی ہے ان کی شاعری میں قرآنی آیات کے تراجم بھی پائے جاتے ہیںبعض اشعار بطور مثال پیش کیے ۔ تقریب کے میزبان طارق نذیر احمد سدھو نے تقریب میں آنے والے معزز مہمانوں کو شکریہ ادا کیا ۔ فرزندِ نصر اللہ خان آدم نے اپنے والد گرامی کی عادات و خصائل کے حوالے سے بات کی اور بتایا کہ وہ ایک درویش انسان تھے۔ انھوں نے شہرت اور ناموری سے ہمیشہ گریز کیا ۔