November 17, 2026

نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ) بے بس ماں کی درخواست پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ شہید بینظیر آباد ڈویژن طارق علی سولنگی سے رابطہ

IMG-20260118-WA0092

نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ) بے بس ماں کی درخواست پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ شہید بینظیر آباد ڈویژن طارق علی سولنگی سے رابطہ کرتے ہوئے شکایت کی کہ اس کے تین کم سن بیٹوں کو، جن کی عمریں 14 سال سے کم ہیں، تھانہ اے سیکشن نوابشاہ میں غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا گیا ہے اور پولیس اہلکار ان کی رہائی کے لیے رشوت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔خاتون کی درخواست پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن شہید بینظیر آباد ڈویژن طارق علی سولنگی نے تھانہ اے سیکشن نوابشاہ کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے موقع پر تین نابالغ بچوں—امان، سامی اور احد—کو حراست میں پایا۔
پولیس حکام بچوں کی حراست کے بارے میں کوئی تسلی بخش وجہ پیش نہ کر سکے، نہ ہی تھانے کے روزنامچہ میں اندراج موجود تھا اور نہ ہی کسی قسم کی ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ مزید برآں، دورے کے وقت ایس ایچ او تھانہ اے سیکشن موقع پر موجود نہیں تھے۔
ڈائریکٹر اینٹی کرپشن طارق علی سولنگی نے فوری طور پر غیر قانونی حراست کا نوٹس لیتے ہوئے تینوں کم سن بچوں کو رہا کرا دیا۔ بعد ازاں انہوں نے واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ انکوائری شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔
ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کی ہدایت پر انسپکٹر منظور علی کھنڈ نے ایس ایچ او تھانہ اے سیکشن اور انچارج 15 پولیس کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کے نوٹس جاری کر دیے ہیں تاکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا سکیں۔شہری حلقوں نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کے بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔