November 17, 2026

ٹھٹھہ دعا نیوز عبدالعزیز شیخ صوبائی وزیر زکوٰۃ، عشر، اوقاف و مذہبی امور سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے حیسکو واپڈا کی جانب

IMG-20260118-WA0056

ٹھٹھہ دعا نیوز عبدالعزیز شیخ

صوبائی وزیر زکوٰۃ، عشر، اوقاف و مذہبی امور سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے حیسکو واپڈا کی جانب سے ٹھٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں زیرو لوڈشیڈنگ کو یقینی بنانے کے لیے جام تماچی نگر فیڈر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ اس منصوبے سے شہر میں بجلی کی فراہمی مزید مستحکم ہوگی اور شہریوں کو لوڈشیڈنگ کے مسائل سے نمایاں ریلیف ملے گا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور زیرو لوڈشیڈنگ جیسے منصوبے اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فیڈر کی تکمیل سے گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی صادق علی میمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹھٹہ شہر کے عوام عرصہ دراز سے بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے منتظر تھے اور آج جام تماچی نگر فیڈر کے افتتاح سے ایک اہم عوامی مسئلہ حل ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے حیسکو انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر عوامی فلاح کے منصوبوں کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ تقریب میں سید تنویر حیدر شاہ شیرازی، چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹھٹہ ادا محمد میمن، حیسکو چیف فیض اللہ ڈاہری، ایس ای لاڑ گلزار احمد دستی سمیت حیسکو کے اعلیٰ افسران، شہر کے تاجر، معززین اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شرکاء نے زیرو لوڈشیڈنگ کے منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے ٹھٹہ شہر کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے