ٹھٹہ (رپورٹ) عبدالعزیز شیخ گھارو کی رہائشی نوجوان لڑکی ریحانہ پلیجو نے گھارو
ٹھٹہ (رپورٹ) عبدالعزیز شیخ
گھارو کی رہائشی نوجوان لڑکی ریحانہ پلیجو نے گھارو کے رہائشی آصف ملاح سے ٹھٹہ کی عدالت میں پسند کی شادی کر لی ہے۔ شادی کے بعد مبینہ طور پر یہ جوڑا دربدر کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو گیا ہے۔اس موقع پر ریحانہ پلیجو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی مرضی اور مکمل رضا مندی سے خوشی خوشی گھارو کے رہائشی آصف ملاح سے پسند کی شادی کی ہے، جس میں کسی قسم کی کوئی زبردستی شامل نہیں ہے۔ریحانہ پلیجو نے مزید بتایا کہ پسند کی شادی کے بعد ان کے رشتہ دار، جن میں رمو پلیجو، حاجی پلیجو، عابدہ پلیجو، علی گل پلیجو، نثار پلیجو سمیت دیگر افراد شامل ہیں، انہیں، ان کے شوہر آصف ملاح اور اس کے اہلِ خانہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور قتل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ گھارو پولیس کی جانب سے بھی انہیں، ان کے شوہر آصف ملاح اور اس کے گھر والوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے، جس کے باعث وہ شدید خوف اور عدم تحفظ کا شکار ہیں.ریحانہ پلیجو اور ان کے شوہر آصف ملاح نے ایس پی ٹھٹہ، ڈی آئی جی حیدرآباد اور آئی جی سندھ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوری اور مکمل تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ پرامن اور محفوظ زندگی گزار سکیں۔