November 17, 2026

میلسی بیو رو چیف میلسی شہر میں جاری غیر اعلانیہ ناکہ بندیوں اور سخت سکیورٹی حصار نے شہری زندگی مفلوج کر کے

Screenshot_2026-01-13_175827

میلسی بیو رو چیف
میلسی شہر میں جاری غیر اعلانیہ ناکہ بندیوں اور سخت سکیورٹی حصار نے شہری زندگی مفلوج کر کے رکھ دی ہے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پیرا فورس اور ٹریفک پولیس کے ناکوں کے باعث گاہکوں نے شہر کا رخ کرنا چھوڑ دیا ہے، جس سے میلسی کے تاجر شدید مالی بحران کا شکار ہو چکے ہیں۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ شہر میں ایسا ماحول بنا دیا گیا ہے جیسے یہاں کوئی ایمرجنسی نافذ ہو، ہر آنے جانے والے کو روکا جاتا ہے، بار بار چیکنگ کی جاتی ہے، جس سے عام شہری اور خریدار سخت ذہنی اذیت میں مبتلا ہو کر واپس لوٹ جاتے ہیں۔ نتیجتاً بازار سنسان، دکانیں خالی اور کاروبار تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔
تاجر برادری نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ نہ تو ضلعی انتظامیہ اور نہ ہی کوئی منتخب نمائندہ اس صورتحال کا نوٹس لینے کو تیار ہے۔ شہر ایسا منظر پیش کر رہا ہے جیسے اس کا کوئی والی وارث ہی نہ ہو۔ آج تک نہ کوئی واضح ایس او پیز جاری کیے گئے ہیں اور نہ ہی تاجروں کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔
تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر غیر ضروری ناکے ختم کیے جائیں، واضح اور قابلِ عمل ایس او پیز جاری کیے جائیں اور شہریوں کو بلا خوف و ہراس شہر میں آنے جانے کی سہولت دی جائے، بصورتِ دیگر تاجر برادری احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔