نورپورتھل (راجہ نورالہی عاطف سے) معروف سماجی شخصیت ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ نے کہا ہے کہ
نورپورتھل (راجہ نورالہی عاطف سے) معروف سماجی شخصیت ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ نے کہا ہے کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کے لیے ناگزیر ہیں بلکہ یہ نوجوان نسل کی کردار سازی، نظم و ضبط اور مثبت سوچ کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوءے انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھیل نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھتے ہیں اور ان میں باہمی برداشت، ٹیم ورک، قیادت اور مقابلے کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ میدانِ کھیل نوجوانوں کو ہار جیت کو برداشت کرنا سکھاتا ہے جو عملی زندگی میں کامیابی اور ناکامی دونوں کا سامنا کرنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔
ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ کا کہنا تھا کہ ارباب بست و کشاد کو چاہیے کہ تعلیمی اداروں، دیہی اور شہری علاقوں میں کھیلوں کے میدانوں اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں بروئے کار لا سکیں۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ پر بھی زور دیا کہ وہ بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھرپور شرکت کی ترغیب دیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے نہ صرف صحت مند افراد بلکہ ایک متحرک، پُرامن اور ترقی یافتہ معاشرہ وجود میں آتا ہے، اور یہی وقت کا تقاضا ہے کہ ہم کھیلوں کو قومی ترجیحات میں شامل کریں۔