November 17, 2026

سرگودھا( راجہ نورالہی عاطف سے )آسٹریلیا میں مقیم اُردو اَدب کے ممتاز شاعر خالد محمود گوندل نے

IMG-20260113-WA0173(1)

سرگودھا( راجہ نورالہی عاطف سے )آسٹریلیا میں مقیم اُردو اَدب کے ممتاز شاعر خالد محمود گوندل نے کہا ہے کہ پاکستانی شعراءکرام دنیا کے مختلف علاقوں میں اَدب کی لازوال خدمات انجام دے رہے ہیں۔ پاکستان سے وابستہ یادیں ہمیشہ زندہ و پائندہ رہتی ہیں۔ سرگودھا دبستانِ اَدب ہے ۔ اَدبی اعتبار سے یہاں کی مٹی بہت زرخیز ہے ۔ اَدب زندگی کے رویوں کا پاسبان ہے ۔ شاعروں اور اَدیبوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر اَدب کی آبیاری کرنا چاہیے۔ اِن خیالات اظہار اُنھوں نے ریڈیو پاکستان سرگودھا کے پروگرام “دانش کدہ” میں گفت گوکرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم، پروفیسر وزیر حیدر، یوسف خالد، نجمہ منصور ، ذوالفقار احسن، رافعہ فاروق اور سائرہ حسین نے بھی اظہار خیال کیا۔ خالد محمود گوندل نے مزید کہا کہ دنیا کے جن ملکوں میں سرگودھین موجود ہیں ، اُنھیں ایک دوسرے سے رابطہ رکھنا چاہیے۔ پروفیسر یوسف خالد اور ذوالفقار احسن نے کہا کہ ”یادیں پرانی نہیں رہتیں“ نثری شعری مجموعہ ہے ۔ چونکہ خالد محمود گوندل کا تعلق سرگودھا سے ہے۔ اس لیے نثری نظم کہنے میں اُنھیں کوئی مشکل نہیں ہے ۔ ڈاکٹر وزیر آغا ، پروفیسر یوسف خالد اور نجمہ منصور نے نثری نظم میں کمال حاصل کر لیا ہے ۔ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ صنف شاعری سرگودھا میں مزید پروان چڑھے گی۔ نجمہ منصور کا تازہ ترین طویل نثری نظموں پر مشتمل مجموعہ”مکاشفہ“ (گوتم سے مکالمہ)منظر عام پر آیا ہے ۔ اُنھوں نے بتایا 144صفحات کا یہ شعری مجموعہ 57مکاشفوں پر مشتمل ہے ۔ یکم جنوری 2026ء کی یہ نثری شاعری انفرادیت کی حامل ہے ۔ پروفیسر وزیر حیدر نے کہا کہ خود احتسابی کامیاب زندگی کی علامت ہے ۔ ہمیں اچھائی کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ آنے والا بہتر بنا کر ہی ہم کامیاب زندگی گزار سکتے ہیں۔ والدین اور اساتذہ میں قریبی تعلق کا ہونا بہت ضروری ہے ۔ جس قوم کے اساتذہ بےدار ہوں وہ قوم زوال پذیر نہیں ہو سکتی۔ محترمہ سائرہ حسین نے کہا کہ استاد کا ذاتی کردار بچے کی زندگی پر گہرا اثر چھوڑتا ہے ۔ اساتذہ کرام کو اپنی شخصیت کا جائزہ لینا چاہیے کہ وہ کس حد تک اپنے مشن میں مخلص ہیں۔ رافعہ فاروق نے کلامِ اقبال پیش کیا۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ آج دنیا میں تبدیلی کا عمل جاری ہے ۔ ہمیں حالاتِ حاضرہ سے واقف رہنا چاہیے۔ ہمارے فکر کی دنیا بیدار ہو تو ہم قومی شعور بیدار کر سکتے ہیں۔ یہ پروگرام محترمہ فریحہ کنول نے پیش کیا ، وقار حیدر پروگرام انجینئر تھے۔