November 17, 2026

کمشنر سکھر ڈویژن کا سول اسپتال سکھر کا دورہ، آکسیجن جنریشن پلانٹ کا معائنہ

IMG-20260112-WA0255

کمشنر سکھر ڈویژن کا سول اسپتال سکھر کا دورہ، آکسیجن جنریشن پلانٹ کا معائنہ

سکھر (بیورورپورٹ)
کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے سول اسپتال سکھر کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسپتال انتظامیہ سے ملاقات کی اور حال ہی میں فعال کیے گئے آکسیجن جنریشن پلانٹ کا معائنہ کیا۔تفصیلات کے مطابق کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی سول اسپتال سکھر پہنچے، جہاں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر زاہد ملک، غلام محمد مہر میڈیکل کالج سکھر کے پرنسپل ڈاکٹر صالح محمد چنہ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سول اسپتال رضا حسین سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔کمشنر سکھر نے اسپتال انتظامیہ سے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حاضری، مریضوں کو ادویات کی فراہمی، صفائی ستھرائی، علاج معالجے اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔ انہیں بتایا گیا کہ سول اسپتال سکھر کے انتظامی اور طبی معاملات وقتاً فوقتاً بہتری کی جانب گامزن ہیں۔اسپتال انتظامیہ نے کمشنر سکھر کو آگاہ کیا کہ حال ہی میں مریضوں کی سہولت کے لیے کمشنر سکھر کی کاوشوں سے ایک مخیر شخص کے عطیے سے آکسیجن جنریشن پلانٹ فعال کیا گیا ہے، جس کے بعد اب ضرورت مند مریضوں کو مفت آکسیجن کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ اسپتال کو جانے والے راستوں سے تجاوزات کے خاتمے کے بعد مریضوں اور ایمبولینسوں کی آمد و رفت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔اس موقع پر کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اپنے اداروں کی اونرشپ لینی ہوگی تاکہ عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سول اسپتال سکھر میں ایک اچھی اور مستعد ٹیم خدمات انجام دے رہی ہے، جس سے مزید بہتری کی توقع کی جا سکتی ہے۔بعد ازاں کمشنر سکھر نے سول اسپتال میں فعال کیے گئے آکسیجن جنریشن پلانٹ کا دورہ کیا اور پلانٹ کے آپریشنل نظام اور طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔