رپورٹ ۔۔۔کاشف پھلپوٹو غلام محمد مہر میڈیکل کالج ٹیچنگ ہسپتال سکھر: بڑھتے دباؤ کے باوجود خدمات میں بہتری کی نئی لہر
رپورٹ ۔۔۔کاشف پھلپوٹو
غلام محمد مہر میڈیکل کالج ٹیچنگ ہسپتال سکھر: بڑھتے دباؤ کے باوجود خدمات میں بہتری کی نئی لہر
سکھر غلام محمد مہر میڈیکل کالج (جی ایم سی) ٹیچنگ ہسپتال سکھر نہ صرف سکھر ڈویژن بلکہ بالائی سندھ کے لاکھوں شہریوں کے لیے صحت کی خدمات کا مرکزی مرکز بن چکا ہے۔ ہسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق، یہ ادارہ شدید دباؤ، وسائل کی کمی اور عملے کی قلت کے باوجود روزانہ ہزاروں مریضوں کو طبی امداد فراہم کر رہا ہے۔ حالیہ مہینوں میں نئی انتظامی ٹیم کی کاوشوں سے سہولیات میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس میں لیبارٹری کی اپ گریڈیشن، مشینری کی بحالی اور مریضوں کی دیکھ بھال کا نظام شامل ہے۔ تاہم، اب بھی بستروں کی کمی اور عملے کی بھرتی جیسے چیلنجز برقرار ہیں۔
تاریخی پس منظر اور ترقی کا سفر
جی ایم سی ٹیچنگ ہسپتال کا آغاز 1951ء میں ایک سول/تحصیل ہسپتال کے طور پر ہوا، جہاں روزانہ صرف 100 مریضوں کا علاج اور 30 بستروں کی سہولت دستیاب تھی۔ 2006ء میں اسے ٹرشری کیئر ہسپتال کا درجہ ملا، جس کے بعد مریضوں کی تعداد 1500 اور بستروں کی گنجائش 150 تک پہنچی۔ آج یہ ایک مکمل ٹیچنگ ہسپتال ہے، جہاں روزانہ تقریباً 3000 مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے اور بستروں کی تعداد 650 ہے، حالانکہ اصل ضرورت 2500 بستروں کی ہے۔ ہسپتال سکھر ڈویژن کی تقریباً ایک کروڑ آبادی کو خدمات فراہم کر رہا ہے، جس میں 27 شعبہ جات اور 43 وارڈز شامل ہیں۔ روزانہ 4000 سے زائد او پی ڈی مریض اور 100 سے 250 نئے داخلے ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔
دس سالہ کارکردگی: اعداد و شمار کی روشنی میں
گزشتہ دس برسوں (2015ء تا 2024ء) میں ہسپتال کی کارکردگی شاندار رہی ہے:
او پی ڈی مریض: 67 لاکھ 33 ہزار سے زائد
ان ڈور مریض: 4 لاکھ سے زائد
نارمل زچگیاں: 13 ہزار 946
سیزیرین آپریشن: 19 ہزار 779
ایکسرے: 5 لاکھ 25 ہزار سے زائد
الٹراساؤنڈ: 2 لاکھ 47 ہزار
سی ٹی اسکین: 51 ہزار سے زائد
ایم آر آئی: 15 ہزار 759
ای سی جی: 3 لاکھ 70 ہزار لیبارٹری ٹیسٹ: 35 لاکھ 77 ہزار سے زائد
بڑے آپریشن: 62 ہزار 792
چھوٹے آپریشن: 28 ہزار
پوسٹ مارٹم: 440
میڈیکولیگل کیسز: 10 ہزار 565 یہ اعداد ہسپتال کی اہمیت اور مصروفیات کو اجاگر کرتے ہیں۔ موجودہ مشینری میں سی ٹی اسکین (16 سلیس، توشیبا جاپان) فعال ہے، جبکہ ایم آر آئی (0.35 ٹیسلا) 16 جولائی 2023ء سے خراب ہے، جس کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
عملے کی کمی اور مالی وسائل ہسپتال میں 1019 اسامیوں کی منظوری ہے، جن میں سے صرف 575 پُر ہیں اور 444 خالی ہیں۔ بی پی ایس 16 تا 20 کی 387 منظوریوں میں سے 257 تعینات اور 130 خالی ہیں، جبکہ بی پی ایس 1 تا 15 کی 632 منظوریوں میں سے 318 تعینات اور 314 خالی ہیں۔ نان گزٹڈ ٹیکنیکل اسٹاف کی عارضی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں، لیکن مستقل بھرتی کی ضرورت ہے۔ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں ادویات کے لیے 405.848 ملین روپے، مریضوں کی خوراک کے لیے 29.493 ملین روپے، آکسیجن اور لائف سیونگ سپلائیز کے لیے 50 ملین روپے، جنریٹرز کے لیے 10.157 ملین روپے، عمارت کی مرمت کے لیے 92.169 ملین روپے (تاحال جاری نہیں)، پلانٹ اور مشینری کے لیے 30 ملین روپے، اور لیبارٹری کے لیے 13.328 ملین روپے مختص ہیں۔ ایکسپریس فیڈر کے لیے 2 کروڑ 94 لاکھ 42 ہزار 400 روپے ادا کیے جا چکے ہیں، لیکن کام مکمل نہیں ہوا۔
حالیہ بہتریاں: نئی انتظامی ٹیم کی کاوشیں
پرنسپل ڈاکٹر صالح محمد چنا اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر احمد مجتبی میمن کی قیادت میں ہسپتال میں مثبت تبدیلیاں سامنے آ رہی ہیں۔ ڈاکٹر صالح محمد چنا نے بتایا، “ہم نے سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی کی بحالی پر کام کیا۔ سابق پرنسپل اور ایم ایس کو بھی کریڈٹ جاتا ہے جنہوں نے یہ عمل شروع کیا۔ ہماری ٹیم دن رات کام کر رہی ہے، اور رول ماڈل بن کر عملے کو حوصلہ دے رہے ہیں۔ لیبارٹری میں پہلے 70-80 ٹیسٹ ہوتے تھے، اب 700-800 کمپیوٹرائزڈ ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔ سی آرم مشین بحال ہوئی ہے، وینٹیلیٹرز اور مانیٹرز ٹھیک کیے گئے ہیں۔”
ڈاکٹر احمد مجتبی میمن نے کہا، “مریض ہماری ترجیح ہے۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ مریض ناامید نہ جائے۔ ادویات کی دستیابی بہتر ہوئی ہے، اور ایمرجنسی میں 24 گھنٹے خدمات دستیاب ہیں۔ ٹیچنگ ہسپتال ہونے کی وجہ سے آن کال کنسلٹنٹس ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔”
فارماسسٹ نشاد صاحبہ نے بتایا، “ادویات کی دستیابی اب پہلے سے بہتر ہے۔ ہر پرچی پر دستیاب ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔”
ایکسرے انچارج فرید جتوئی نے کہا، “نئی انتظامیہ کے تحت ریڈیالوجی میں ڈی آر مشین لگائی گئی ہے۔ روزانہ 150-200 مارننگ، 70-75 ایوننگ اور 30-35 ایمرجنسی ایکسرے ہو رہے ہیں۔”
ڈاکٹر شاہد میرانی نے کہا، “نئی ٹیم انرجٹک ہے۔ لیبارٹری اور صفائی میں بہتری آئی ہے۔ مشینوں کی خرابی کو ختم کیا جا رہا ہے، اور کرپٹ عناصر کو پکڑا جا رہا ہے۔ چھ مہینوں میں نتائج نظر آئیں گے۔”
بچوں کے شعبے میں بہتری
شعبہ اطفال میں بھی سہولیات بہتر ہوئی ہیں۔ ڈاکٹر طفیل احمد سومرو نے بتایا، “او پی ڈی میں روزانہ 400-450 مریض دیکھے جا رہے ہیں۔ سردیوں میں نمونیا اور سانس کی بیماریاں بڑھ جاتی ہیں۔ ویکسینیشن مفت ہے، والدین کو چاہیے کہ ماں کی صحت سے بچے کی نشوونما کا خیال رکھیں۔ ماں کا پہلا دودھ ضروری ہے۔”
آرتھوپیڈک سرجری میں بہتری آئی ہے۔ ڈاکٹر احمد رضا نے بتایا، “سی آرم مشین فعال ہے، جس سے پیچیدہ سرجریز ممکن ہوئی ہیں۔ عوام کو پرائیویٹ ہسپتالوں کی ضرورت نہیں، یہیں علاج ہو سکتا ہے۔”
جی ایم سی میں بچوں کی پیدائشی بیماری ڈیولپمنٹل ڈسپلیسیا آف ہپ (DDH) پر پہلی جامع ورکشاپ منعقد ہوئی۔ ڈاکٹر عزیز اللہ بھیو نے بتایا، “یہ ایک خاموش بیماری ہے جو بروقت تشخیص نہ ہونے پر معذوری کا سبب بنتی ہے۔ ورکشاپ میں اسکریننگ، تشخیص اور علاج پر تربیت دی گئی۔ پروفیسر انیس الدین بھٹی نے لائیو سرجریز کیں۔ ملک بھر سے 50 سرجنز شریک ہوئے۔ یہ بیماری پیدائشی ہے، لیکن اسکریننگ کی کمی کی وجہ سے دیر سے پتہ چلتی ہے۔”
ماہرین اور عوامی حلقوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ بستروں کی تعداد بڑھائی جائے، عملے کی بھرتی کی جائے، ایم آر آئی بحال کی جائے اور ترقیاتی فنڈز جاری کیے جائیں۔ سیاسی رہنما اور میڈیا کی تعاون سے ہسپتال کی بہتری ممکن ہے۔ نئی ٹیم کی کاوشوں سے امید ہے کہ جی ایم سی سکھر بالائی سندھ کی طبی ضروریات کو مزید مؤثر طریقے سے پورا کرے گا۔