November 17, 2026

افسانہ خاموش دروازہ تحریر. ڈاکٹر پونم نورین گوندل لاہور

Screenshot_2026-01-12_185003

افسانہ
خاموش دروازہ
تحریر. ڈاکٹر پونم نورین گوندل لاہور
وہ دکھنے میں ادھیڑ عمر ہی دکھتے تھے، مگر ان کی چال ڈھال میں ایک خواہ مخواہ کا وقار اور رعب و دبدبہ تھا، ان کے لباس سادہ، صاف ستھرے
نکھرے نکھرے، استری شدہ جیسے ابھی ابھی ہی دوکان سے پہننے کے لیے خریدے گیے ہوں، جوتے چمڑے کے پالش سے جگمگاتے ہوے، مرد کی مونچھوں میں آتی ہوی سفیدی اسے مزید پروقار بنا تی تھی اور عورت کی آنکھوں کے کونوں میں پھیلا ہوا جھریوں کا جال اس کے حسن کو مزید نکھارتا تھا، اس کا جھکا ہوا سر اس کی فرمانبرداری کی پوری داستان کا منہ بولتا ثبوت تھا، وہ دلنشیں، حسن خدادا ،خواتین کے اس دھڑے سے تھی، جن کا مقصد حیات ہی ہوتا ہے، جو مزاج یار میں آئے، یعنی وہ خواتین جو ساری عمر اپنے شوہر کی جی حضوری کو ہی اپنی زندگی اور بندگی سمجھتی ہیں ، آپ اور میں اور باقی دنیا کے لوگ انھیں اللہ میاں کی گائے، بدھو، بیوقوف، وغیرہ وغیرہ کہہ کے دل پشوری کر سکتے ہیں مگر یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ بجا طور پر انھی عورتوں کو ذہن میں رکھ کر اللہ تعالیٰ نے عورت کو اللہ کے بعد اپنے مجازی خدا کو سجدے کا حکم دیا ہو گا، وہ مرد اور عورت جب بانہوں میں بانہیں ڈالے، شہر کی گلیوں میں اترتے تو گلیاں جگمگ جگمگ کرنے لگتیں، فضاوں میں اڑتے ہوئے پرندے چہچہانے لگتے، بانسری بجانے والے کے راگ مزید دلربا ہو جاتے، راہگیروں کی چال میں اک عجب سا غرور آجاتا، ،چاے بنانے والے زیادہ کڑک چاے بنانے میں لگ جاتےاور دوپٹے رنگنے والے دوپٹے کے رنگ کو سوٹ کے رنگ سے میچ کرنے کے لیے انیس بیس کے فرق کو بھی پار کرنے کے جتن میں غرق ہو جاتے. پکوڑے والا خستہ پکوڑے بناتا، اسے اس بات کی دل سے آس رہتی کہ کب وہ مرد اور عورت اس کے بنے ہوے پکوڑے اس سے خریدتے ہیں کیونکہ اس ہنسوں کے جوڑے کو لمبی سڑک پہ پیدل چلتے ہوے شاذ و نادر ہی کبھی کسی نے کچھ کھاتے پیتے ہوے دیکھا تھا ہاں کبھی کبھار وہ پکوڑے والے کے پاس رک کر پکوڑے ضرور کھاتے تھے، مرد جب پکوڑے کو خوبانی کی چٹنی کے پیالے میں ڈبوتااور جب عورت اپنے ہیٹ کو جھکا کر پکوڑے والے کا شکریہ ادا کرتی تو مانو پکوڑے والے کو اپنی پوری حیاتی میں کی گءی ہر ہر محنت کا صبر مل جاتا،وہ مرد اور عورت بولتے نہ تھے مگر انکی خاموشی ہی ان کا سب سے بڑا ہتھیار تھی، وہ بولتے نہ تھے پھر بھی ایسا ہی محسوس ہوتا جیسے آپس میں باتیں کر کر کے تھک چکے ہوں، بہرحال وہ مرد اور عورت اس خاموش دروازے اور بولتی ہوی گلی کی رونق تھےمان تھے، شان تھے، کل جہان تھے، ان دونوں کی عمریں زندگی کی شام کی طرف گامزن تھیں مگر وہ دونوں کسی بھی جوان جوڑے سے زیادہ ہشاش بشاش اور پھرتیلے اور چاک و چوبند نظر آتےتھے،ان کی تیاری، ان کا لباس، ان کے سلیقے سے بنے ہوے ہییر اسٹایل اس چیز کے گواہ تھے کہ ان دونوں نے کبھی بھی اپنے سجنے سنورنے کے شوق پہ سمجھوتا نہ کیا ہو گا، وہ مرد اور عورت حسب معمول سجے ہوے تھے، مرد کا براون کوٹ اور عورت کی سیاہ مخملیں میکسی بالکل بے شکن اور بے داغ تھیں، وہ دونوں چھوٹے چھوٹے قدم اٹھاتے ہوے ایک دوسرے کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالے شیریں محل کی طرف روانہ تھے، ان کی سوچ کی پرواز دکھائی تو خاموش ہی دیتی تھی مگر سچ تو یہ تھا کہ سوچ کی پرواز فضاوں میں بسیرا کرتی تھی، اچانک چلتے چلتے عورت آگے کو ذرا سی ٹھوکر لگنے سے لڑ کھڑای تو مرد نے اسے دونوں ہاتھوں سے تھام لیا، ساری کاینات گویا گنگنا اٹھی، اب خاموش دروازہ خاموش نہ رہا تھا،وہ امن، محبت اور چاہت کے نغمے گا رہا تھا، وہ ایک کل جہان تھا، جہاں زخموں پہ مرہم رکھے جاتے تھے اور دردوں کے درماں کا سامان کیا جاتا تھا، جہاں، جہاں سے مرد اور عورت گزرتے وہاں پہ ایک نیا درخت پھولوں اور پھلوں سے لد جاتا، اب مرد اور عورت کے اسرار کے ساتھ ساتھ خاموش دروازہ بھی رہبر تھا، بھید نہیں.
ڈاکٹر پونم نورین گوندل لاہور
Punnam.naureenl@icloud.com