November 17, 2026

سعودی عرب کے نامور ارب پتی شخص سلیمان الراجحی کہتے ہیں میں اتنا غریب تھا کہ ایک اسکول کی سیر (تعلیمی ٹرپ) میں شامل ہونے کے لیے درکار ایک سعودی ریال بھی ادا نہیں کر سکتا تھا۔

IMG-20260110-WA0148

سعودی عرب کے نامور ارب پتی شخص سلیمان الراجحی کہتے ہیں میں اتنا غریب تھا کہ ایک اسکول کی سیر (تعلیمی ٹرپ) میں شامل ہونے کے لیے درکار ایک سعودی ریال بھی ادا نہیں کر سکتا تھا۔

میں نے اپنے گھر والوں سے بہت رو رو کر درخواست کی، مگر حقیقت یہ تھی کہ ہمارے پاس وہ ایک ریال بھی موجود نہیں تھا۔

سفر سے صرف ایک دن پہلے، کلاس میں استاد نے ایک سوال پوچھا۔
میں نے اس کا درست جواب دے دیا۔
استاد نے خوش ہو کر مجھے بطور انعام ایک ریال دیا اور پوری کلاس نے تالیاں بجائیں۔

میں نے بغیر ایک لمحہ سوچے، وہ ریال پکڑا اور دوڑتا ہوا ٹرپ کے نگران کے پاس گیا اور اپنی فیس ادا کر دی۔
میرا رونا اچانک ایسی خوشی میں بدل گیا جس کی مٹھاس مہینوں نہیں بلکہ برسوں تک میرے دل میں باقی رہی۔

پھر وقت گزرتا گیا…
میں بڑا ہوا…
اللہ تعالیٰ نے مجھے بے پناہ دولت سے نوازا۔

جب میں نے خیراتی کام شروع کیے تو مجھے بار بار وہی فلسطینی استاد یاد آنے لگے جنہوں نے مجھے وہ ایک ریال دیا تھا۔

میں اپنے آپ سے سوال کرنے لگا:

کیا وہ ریال صدقہ تھا یا واقعی ایک انعام؟

آخر میں نے فیصلہ کیا کہ چاہے جتنا خرچ آئے، میں انہیں ضرور تلاش کروں گا۔
اللہ نے مجھے ان تک پہنچا دیا۔

میں نے دیکھا کہ وہ استاد نہایت مشکل حالات میں تھے، بے روزگار تھے اور ملک چھوڑنے کی تیاری کر رہے تھے۔

میں نے ان سے کہا:

استادِ محترم! آپ کا مجھ پر ایک بہت بڑا قرض ہے۔

انہوں نے حیرت سے کہا:

میرا کسی پر کوئی قرض نہیں۔

میں نے پوچھا:

کیا آپ کو وہ طالب علم یاد ہے جسے آپ نے ایک ریال دیا تھا کیونکہ اس نے صحیح جواب دیا تھا؟

وہ مسکرا کر بولے:

کیا تم مجھے ایک ریال واپس کرنے آئے ہو؟

میں نے کہا:

جی ہاں۔

میں انہیں اپنی گاڑی میں بٹھا کر ایک خوبصورت ولا کے سامنے لے گیا اور کہا:

استاد جی! یہ ہے آپ کے اُس ریال کا قرض۔
یہ ولا، یہ گاڑی، زندگی بھر کا ماہانہ وظیفہ، اور میرے ادارے میں آپ کے بیٹے کی ملازمت۔

وہ حیرت زدہ ہو کر بولے:

مگر یہ تو بہت زیادہ ہے!

سلیمان الراجحی کہتے ہیں کہ میں نے ان سے کہا:

اللہ کی قسم! اُس دن آپ کے ایک ریال سے جو خوشی مجھے ملی تھی، وہ آج مجھے ایسی دس ولاز ملنے پر بھی نہیں ہو سکتی۔
میں آج تک وہ خوشی نہیں بھولا۔