November 22, 2026

سکھر زیدی)سکھر سمیت اندرونِ سندھ میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔سکھر اور گردونواح

IMG-20260108-WA0220

سکھر زیدی)سکھر سمیت اندرونِ سندھ میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔سکھر اور گردونواح میں سرد ہوائیں چلنے لگی ہیں جبکہ دھند میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ قومی شاہراہ پر حدِ نگاہ کم ہو گئی ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے، جبکہ شہر میں گیس کی لوڈشیڈنگ میں تاحال کوئی کمی نہیں آ سکی۔سردی بڑھنے کے ساتھ ہی گرم ملبوسات اور گرم اشیاء کی مانگ میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر اور اس کے نواحی علاقوں میں بھی موسمِ سرما کے آغاز کے ساتھ سرد ہواؤں کے باعث سردی اور دھند کی شدت میں اضافہ شروع ہو گیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں صبح کے اوقات میں پڑنے والی گھنی دھند نے سردی کی شدت کو مزید بڑھا دیا ہے۔سردی میں اچانک اضافے کے باعث لنڈا بازار اور گرم کپڑوں کی دکانوں پر شہریوں کا رش بڑھ گیا ہے، جہاں لوگ گرم لباس کی خریداری میں مصروف نظر آ رہے ہیں۔ دوسری جانب صبح کے وقت قومی شاہراہوں پر دھند کے باعث ڈرائیوروں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔موٹروے پولیس نے دھند اور اسموگ میں اضافے کے پیشِ نظر ڈرائیوروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور حدِ نگاہ بہتر ہونے تک محفوظ مقامات پر گاڑیاں روکنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ سردی میں اضافے کے ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں بغیر اعلان گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔مزید برآں، کوئلے اور لکڑی کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث ان اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس نے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ شہری حلقوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی فراہمی بہتر بنائی جائے اور دھند کے دوران ٹریفک کے لیے حفاظتی اقدامات مزید مؤثر کیے جائیں۔