November 22, 2026

نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ)ضلع شہید بینظیرآباد میں مرد اور خواتین ووٹرز کے درمیان فرق

IMG-20260108-WA0218

نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ)ضلع شہید بینظیرآباد میں مرد اور خواتین ووٹرز کے درمیان فرق (Gender Gap) کو کم کرنے کے حوالے سے آئی ڈی سی سی (IDCC) کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر شہید بینظیرآباد محمد یوسف مجیدانو کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقد ہوا اجلاس کے دوران ضلع میں خواتین ووٹرز کے اندراج، ان کی انتخابی عمل میں شمولیت اور ووٹر لسٹوں میں موجود فرق پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد یوسف مجیدانو نے کہا کہ مرد اور خواتین ووٹرز کے درمیان گیپ کو کم کرنا الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جس کے لیے مربوط حکمتِ عملی اور تمام اسٹیک ہولڈرز کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفیس شہید بینظیرآباد کی جانب سے نادرا کے تعاون سے گذشتہ کچھ ماہ کے اندر بڑے پیمانے پر خواتین کے قومی شناختی کارڈ بنوا کر ووٹ رجسٹریشن کو یقینی بنایا گیاہے مگر اس کے باوجود بھی مرد ووٹرز اور خواتین ووٹرز کے ووٹ رجسٹریشن میں گیپ موجود ہے جس کو مزید کم کرنے کے لیے تمام متعلقہ محکمے اور سماجی تنظیم خواتین کے قومی شناختی کارڈ کے اندراج، آگاہی مہمات اور گھر گھر جا کر رجسٹریشن کے عمل کو مزید مؤثر بنائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین کو ووٹر لسٹوں میں شامل کیا جا سکے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ دیہی اور پسماندہ علاقوں میں خصوصی آگاہی پروگرام منعقد کیے جائیں۔اجلاس کے اختتام پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ آئی ڈی سی سی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں عملی اقدامات کیے جائیں گے اور پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا تاکہ ضلع میں ووٹرز کے درمیان صنفی فرق کو مؤثر انداز میں کم کیا جا سکے۔ اجلاس میں نادرا زونل انچارج رفیق احمد بلر، ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر ریاض احمد شر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اشفاق مشوری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ صابر اوٹھو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ذوالفقار رند، فرحانہ ناز، فرحانہ صالح، شبانہ ناز، مسرور میمن اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔