ملک شمشیر علی جاڑا گرداور — حسنِ کارکردگی کا اعتراف، دیانت و خدمت کی روشن مثال خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف
ملک شمشیر علی جاڑا گرداور — حسنِ کارکردگی کا اعتراف، دیانت و خدمت کی روشن مثال
خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف
محکمہ مال کسی بھی ضلع کی انتظامی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں عوام کے روزمرہ معاملات، اراضی ریکارڈ، انتقالات، فردات اور ریونیو سے متعلق بے شمار امور انجام پاتے ہیں۔ ایسے حساس اور ذمہ دار شعبے میں اگر کوئی آفیسر یا اہلکار دیانت، محنت اور عوام دوستی کے جذبے سے خدمات سرانجام دے تو وہ نہ صرف ادارے کی ساکھ میں اضافہ کرتا ہے بلکہ عوام کا اعتماد بھی بحال کرتا ہے۔ تحصیل نورپورتھل سے تعلق رکھنے والےملک شمشیر علی جاڑا گرداور انہی باصلاحیت، فرض شناس اور باکردار افسران میں شمار ہوتے ہیں جنہیں ان کی شاندار کارکردگی پر ریونیو ڈیپارٹمنٹ ڈسٹرکٹ خوشاب کی طرف سے حسنِ کارکردگی سند اور نقد انعام سے نوازا جانا بجا طور پر ایک خوش آئند اقدام ہے۔
ملک شمشیر علی جاڑا گرداور نے اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران نظم و ضبط، قانون کی پاسداری اور عوامی مسائل کے بروقت حل کو ہمیشہ ترجیح دی۔ ان کی کارکردگی میں شفافیت، میرٹ اور پیشہ ورانہ مہارت نمایاں نظر آتی ہے۔ پیچیدہ ریونیو معاملات ہوں یا عوامی شکایات، انہوں نے ہر مرحلے پر ذمہ داری اور بردباری کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث نہ صرف محکمے کے اندر نظم بہتر ہوا بلکہ سائلین کو بھی سہولت میسر آئی۔ گرداور ملک شمشیر علی جاڑا کا تعلق ضلع خوشاب کے قصبہ جھرکل سے ہے ۔ آپ یہاں کی معروف و معزز زمیندار جاڑا فیملی کے قابل فخر چشم و چراغ ہیں ۔ موصوف انتہائی ہردلعزیز، پروقار، ملنسار، بردبار ہنس مکھ اور بے لوث شخصیت کے مالک ہیں ۔ ملک شمشیر علی جاڑا نے راقم الحروف (راجہ نورالہی عاطف ) کے ساتھ ایک خصوصی نشست کے دوران علاقہ کے مکینوں کی بھرپورطریقے سے بےلوث خدمت کرنے کے عزم صمیم کااظہار کیا ہے۔
گرداور ملک شمشیر علی جاڑا کو حسنِ کارکردگی سند اور انعام کی عطائیگی دراصل اس بات کا اعتراف ہے کہ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔ یہ اعزاز نہ صرف ملک شمشیر علی جاڑا گرداور کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ دیگر افسران و ملازمین کے لیے بھی ایک مثبت پیغام ہے کہ اگر نیت درست ہو اور کام خلوصِ دل سے کیا جائے تو ادارے بھی قدر شناسی میں پیش پیش رہتے ہیں۔ اس طرح کے اقدامات سرکاری محکموں میں صحت مند مقابلے اور بہتر خدمات کے فروغ کا ذریعہ بنتے ہیں۔
یہ امر بھی قابلِ تحسین ہے کہ ملک شمشیر علی جاڑا گرداور نے اپنے پیشہ ورانہ فرائض کے ساتھ ساتھ اخلاقی اقدار کو ہمیشہ مقدم رکھا۔ ان کا خوش اخلاق رویہ، عاجزی اور عوام سے احترام کے ساتھ پیش آنا انہیں ایک مثالی سرکاری افسر کے طور پر نمایاں کرتا ہے۔ یہی اوصاف کسی بھی افسر کو عوام کے دلوں میں جگہ دلاتے ہیں اور ادارے کے وقار میں اضافہ کرتے ہیں۔
آخر میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ ملک شمشیر علی جاڑا گرداور کو حسنِ کارکردگی سند اور انعام کی عطائیگی نہ صرف ان کی ذاتی محنت کا ثمر ہے بلکہ اس نظام کے لیے امید کی کرن بھی ہے جو کارکردگی کی بنیاد پر حوصلہ افزائی کو فروغ دیتا ہے۔ دعا ہے کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے، ایمانداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنی خدمات جاری رکھیں اور دیگر افسران کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوں اور اللہ پاک انہیں دائم شادوآبادرکھیں۔ آمین