سرگودھا ( راجہ نورالہی عاطف سے) ممتاز ماہر قانون ، سابق صدر سرگودھا بار ، شاعرہ، مصنفہ، سعدیہ ہماء
سرگودھا ( راجہ نورالہی عاطف سے) ممتاز ماہر قانون ، سابق صدر سرگودھا بار ، شاعرہ، مصنفہ، سعدیہ ہماء شیخ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ہمیں وطن عزیز پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے ایک قوم بن کر کام کرنا چاہیے۔ ہم من حیث القوم با صلاحیت ہیں۔ تعمیر پاکستان میں ہمارا کردار قابلِ تعریف ہے ۔ روشن مستقبل کا خواب اُسی صورت میں پورا ہو سکتا ہے کہ ہم مثبت سوچ اور قومی شعور کا مظاہرہ کریں۔ اُنھوں نے اِن خیالات کا اظہار “ریڈیو پاکستان ” کے پروگرام دانش کدہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم ، علامہ طارق محمود قادری، محترمہ عابدہ خضر، محترمہ عاصمہ سکندر، پروفیسر نادیہ سرور، اویس رضا قادری، ملک ریحان نوید اعوان، ملک شایان خضراور محمد آیان ابراہیم نے گفتگو کی۔ محترمہ سعدیہ ہماء شیخ نے مزید کہا کہ عدل و انصاف کے بل بوتے پر ہم 2026ءمیں مزید کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔ پروفیسر نادیہ سرور نے کہا کہ تعلیم کو بامقصد بنا کر ہم اس کے مطلوبہ نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ ملک ریحان نوید اعوان کو دانش کدہ کی طرف سے خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ۔ اویس رضا قادری نے خوشحال پاکستان کے حوالے سے بہترین گفتگو کر کے سب کے دل جیت لیے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے مشاہیر کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کرنا ہو گا۔ میڈم عابدہ خضر نے کہا کہ ہمارا کسی بات پر اختلاف ہو سکتا ہے لیکن پاکستان کی ترقی کے ضمن میں ہمارا کوئی بھی اختلاف نہیں ہونا چاہیے۔ ہمیں ایک قوم بنتے ہوئے وطن عزیز کو خوشحال اور فعال بنانے کے لیے اپنا فریضہ ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان ہماری امنگوں کا ترجمان ہے ۔ ہماری ذاتی کامیابی پاکستان سے وابستہ ہے ۔ حضرت مولانا طارق محمود قادری نے کہاکہ تاجدارِ ختم نبوت محمد مصطفی ﷺ کی تعلیمات ہمارے لیے بڑے اہمیت کی حامل ہیں۔ حضور ﷺ کے دامن رحمت میں ہی ہماری نجات ہے ۔ ہمیں خلوصِ نیت سے آگے بڑھنا چاہیے۔ ہمارا آنے والا کل آج سے بہتر ہوتو ہم دنیا میں سر بلند کر سکتے ہیں۔ یہ پروگرام محترمہ فریحہ کنول نے پیش کیا ۔ اس موقع پر قیصر رضا پروگرام انجینئر تھے۔