تحریک انصاف احتجاج کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دے، ایک شخص کے پیچھے سیاست برباد نہ کرے: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ
تحریک انصاف احتجاج کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دے، ایک شخص کے پیچھے سیاست برباد نہ کرے: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ
سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تحریک انصاف کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک شخص کے پیچھے اپنی سیاست برباد نہ کرے بلکہ ایک ذمہ دار اپوزیشن کا کردار ادا کرے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے۔ عوام نے تحریک انصاف کو احتجاج کے لیے نہیں بلکہ مسائل کے حل کے لیے ووٹ دیا ہے۔وہ سکھر میں سابق رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر نصر اللہ بلوچ کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما سیدھی بات کرنے کے بجائے الٹی باتیں کرنے کے عادی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل سے کسی اور جیل میں منتقلی سے متعلق اطلاعات محض افواہیں ہیں، ایسی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں ہوتی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ ان کے قاتلوں کی شناخت ہو چکی ہے اور وہ اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی لاکھوں کارکنان برسی میں شرکت کر کے محترمہ بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کی دو صوبوں میں حکومت ہے، اس لیے دونوں وزرائے اعلیٰ، گورنر پنجاب اور خیبرپختونخوا کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کا وفد بھی اظہارِ یکجہتی کے لیے شرکت کرے گا،جس میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، رانا ثناء اللہ اور دیگر وفاقی وزراء شامل ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ دھمکیاں قابلِ مذمت ہیں، تاہم کسی کی دھمکیوں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ سندھ حکومت عوامی خدمت کے ایجنڈے پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔سیلاب متاثرین کے لیے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں اب تک دس لاکھ سے زائد گھر تعمیر کیے جا چکے ہیں،جبکہ دنیا میں اس نوعیت کے منصوبے میں آٹھ لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہی ریکارڈ موجود تھا۔ مزید نو لاکھ گھروں پر کام جاری ہے۔ ورلڈ بینک کے تعاون سے دو لاکھ گھروں کو سولر ہوم فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا، جن میں سے ایک لاکھ ساٹھ ہزار گھروں کو سولر ہوم دیے جا چکے ہیں جبکہ باقی چالیس ہزار گھروں کو جلد سولر ہوم فراہم کر دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ مزید اڑھائی لاکھ سولر ہوم دینے کا بھی منصوبہ زیرِ غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے ساڑھے چار لاکھ گھروں کو سولر ہوم دینا بلاول بھٹو کے سستی بجلی فراہم کرنے کے اعلان کا حصہ ہے، جبکہ تھرپارکر کی تحصیل اسلام کوٹ میں گھروں کے بجلی کے بل حکومت خود ادا کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ لاڑکانہ میں نیا اسپتال بنانے کی اشد ضرورت تھی کیونکہ وہاں کا پرانا اسپتال اپنی مدت پوری کر چکا تھا۔ سکھر حب شہر ہے اور یہاں پہلے سے متعدد ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ سکھر بیراج کی بندش سے متعلق انہوں نے واضح کیا کہ بیراج اس لیے بند کیا گیا ہے کہ اس کے گیٹس کی تبدیلی کا کام جاری ہے، جو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔