راولپنڈی (خصوصی رپورٹ) تھانہ ٹیکسلا کی حدود شاہ پور میں زمین پر ناجائز قبضے کی کوشش کے دوران مسلح قبضہ گروہ کی اندھا
راولپنڈی (خصوصی رپورٹ)
تھانہ ٹیکسلا کی حدود شاہ پور میں زمین پر ناجائز قبضے کی کوشش کے دوران مسلح قبضہ گروہ کی اندھا دھند فائرنگ سے دو افراد شدید زخمی ہو گئے، ذرائع کے مطابق پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اطلاعات کے مطابق قبضہ مافیا کا سرغنہ سید عباس شاہ اپنے مسلح کارندوں کے ہمراہ ملکیتی زمین پر زبردستی قبضہ کرنے پہنچا۔ ملزمان میں شمس الحسن (مسلح پسٹل)،
زوہیب الحسن (مسلح پسٹل)،
زیشان عرف شان شاہ (مسلح کلاشنکوف)شامل تھے، جنہوں نے زمین کے اصل مالکان سید اختر حسین شاہ اور سید بلال حیدر شاہ کو جان سے مارنے کی نیت سے فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں سید اختر حسین شاہ اور سید بلال حیدر شاہ شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال ٹیکسلا منتقل کیا گیا، تاہم زخموں کی نوعیت سنگین ہونے کے باعث انہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال راولپنڈی ریفر کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد تھانہ ٹیکسلا پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قبضہ مافیا کے سرغنہ اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کےلیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔