November 17, 2026

پرنسپل عبدالغفور ملک کی گریڈ 19 میں ترقی — تعلیمی قیادت، محنت اور وژن کا درخشاں اعتراف خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

IMG-20251224-WA0217

پرنسپل عبدالغفور ملک کی گریڈ 19 میں ترقی — تعلیمی قیادت، محنت اور وژن کا درخشاں اعتراف

خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

کسی بھی معاشرے کی ترقی کا انحصار اس کے تعلیمی نظام پر ہوتا ہے، اور ایک مضبوط تعلیمی نظام وہی ہوتا ہے جس کی قیادت اہل، دیانت دار اور وژن رکھنے والے افراد کے ہاتھوں میں ہو۔ ایسے ہی باوقار، فرض شناس اور مثالی تعلیمی رہنما پرنسپل عبدالغفور ملک ہیں، جنہیں حال ہی میں گریڈ نمبر 19 میں ترقی دی گئی ہے۔ یہ ترقی محض ایک سرکاری نوٹیفکیشن نہیں بلکہ اُن کی دہائیوں پر محیط مخلصانہ خدمات، غیر متزلزل عزم اور تعلیمی میدان میں گرانقدر کارکردگی کا واضح اعتراف ہے۔
پرنسپل پروفیسر عبدالغفور ملک نے اپنے عملی سفر کا آغاز تدریس سے کیا اور رفتہ رفتہ اپنی قابلیت، محنت اور نظم و ضبط کے باعث ایک کامیاب منتظم اور بصیرت افروز رہنما کے طور پر اپنی پہچان بنائی۔ اُن کا یہ امتیاز رہا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ تعلیم کو محض نصابی سرگرمی تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے کردار سازی، فکری تربیت اور سماجی شعور بیدار کرنے کا مؤثر ذریعہ بنایا۔ ان کی نظر میں ایک اچھا تعلیمی ادارہ وہ ہوتا ہے جو کتاب کے ساتھ ساتھ طلبہ کو زندگی کے عملی تقاضوں کے لیے بھی تیار کرے۔
بطور پرنسپل، پروفیسر عبدالغفور ملک نے اپنے ادارے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج نورپورتھل میں نظم و ضبط، شفافیت اور باہمی احترام کی فضا قائم کی۔ انہوں نے اساتذہ کرام کو اعتماد دیا، ان کی پیشہ ورانہ تربیت پر توجہ دی اور ٹیم ورک کو فروغ دیا، جس کے نتیجے میں تعلیمی نتائج میں نمایاں بہتری آئی۔ ادارے میں ہم نصابی سرگرمیوں، تقریری و تحریری مقابلوں، کھیلوں اور سماجی سرگرمیوں کو باقاعدہ نظام کے تحت فروغ دیا گیا، تاکہ طلبہ کی ہمہ جہت نشوونما ممکن ہو سکے۔
ان کی قیادت میں تعلیمی معیار کے ساتھ ساتھ انتظامی اصلاحات بھی متعارف کروائی گئیں۔ ریکارڈ کی شفافیت، حاضری کے مؤثر نظام، والدین اور اساتذہ کے مابین رابطے کے فروغ، اور جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ منصوبہ بندی نے ادارے کے تشخص کو مضبوط کیا۔ یہی وجہ ہے کہ پروفیسر عبدالغفور ملک نہ صرف اپنے ادارے بلکہ پورے تعلیمی حلقے میں ایک قابلِ اعتماد اور باوقار نام کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
پرنسپل پروفیسر عبدالغفور ملک کی شخصیت کا ایک نمایاں پہلو اُن کا اخلاقی وقار اور عاجزی ہے۔ وہ ہمیشہ اپنے ماتحت عملے اور طلبہ کے مسائل کو ذاتی دلچسپی کے ساتھ سنتے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کرتے ہیں۔ ان کا دروازہ ہر خاص و عام کے لیے کھلا رہتا ہے، جو ایک کامیاب قائد کی پہچان ہے۔ یہی رویہ انہیں اساتذہ اور طلبہ کے دلوں میں خاص مقام عطا کرتا ہے۔
بطور ایسوسی ایٹ پروفیسرگریڈ 19 میں ترقی دراصل اُن کے اس طرزِ قیادت کا اعتراف ہے جس میں میرٹ، انصاف اور دیانت کو بنیادی اصول کی حیثیت حاصل رہی۔ یہ ترقی نوجوان اساتذہ کے لیے ایک پیغام بھی ہے کہ اگر نیت صاف ہو، مقصد بلند ہو اور محنت مسلسل ہو تو کامیابی خود راستہ بنا لیتی ہے۔ پروفیسر عبدالغفور ملک کی پیشہ ورانہ زندگی اس حقیقت کا عملی نمونہ ہے۔
تعلیمی، سماجی، ادبی اور صحافتی حلقوں کی جانب سے پرنسپل پروفیسر عبدالغفور ملک کو اس شاندار کامیابی پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی جا رہی ہے۔ اہلِ علاقہ نے اس اُمید کا اظہار کیا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اسی عزم، دیانت اور بصیرت کے ساتھ تعلیمی میدان میں خدمات سرانجام دیتے رہیں گے اور نئی نسل کی فکری و اخلاقی تربیت میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔
بلاشبہ پرنسپل پروفیسر عبدالغفور ملک کی گریڈ 19 میں ترقی نہ صرف ایک فرد کی کامیابی ہے بلکہ یہ پورے تعلیمی نظام کے لیے حوصلہ افزا مثال ہے، جو اس امر کی غماز ہے کہ خلوص، قابلیت اور دیانت داری آج بھی کامیابی کا سب سے مضبوط زینہ ہے۔