ہارون آباد/(نمائندہ خصوصی سٹی رپورٹر)وزیروں اور مشیروں کا کہلایا جانے والا شہر ہارون آباد، صوبہ
ہارون آباد/(نمائندہ خصوصی سٹی رپورٹر)وزیروں اور مشیروں کا کہلایا جانے والا شہر ہارون آباد، صوبہ پنجاب کا وہ شہر جسے شہریوں نے سیوریج کی بدترین صورتحال کے باعث پنجاب کا گندہ ترین شہر قرار دے دیا ہے۔ شہری علاقے احمد ٹاؤن یحییٰ ٹاؤن علامہ اقبال کالونی سمیت شہر کی گلیاں، بازار اور رہائشی علاقے گندے پانی سے بھر چکے ہیں، جبکہ نکاسیٔ آب کا نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی دنوں سے سیوریج کا پانی سڑکوں پر کھڑا ہے جس سے نہ صرف آمد و رفت میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں بلکہ مختلف بیماریاں بھی جنم لے رہی ہیں۔
یہ مناظر کسی پسماندہ علاقے کے نہیں بلکہ ہارون آباد شہر کے ہیں، جہاں گلیوں میں گٹروں کا پانی بہہ رہا ہے۔ دکانداروں اور رہائشیوں کے مطابق بدبو اور گندگی نے جینا دوبھر کر دیا ہے۔ بچوں، بزرگوں اور خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار متعلقہ محکموں کو آگاہ کیا گیا لیکن تاحال کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ سیوریج لائنیں پرانی اور خستہ حال ہو چکی ہیں، جبکہ واٹر سپلائی کا پانی بھی گندے نالوں کے پانی سے آلودہ ہو رہا ہے۔شہریوں نے حکومتِ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے اور مستقل بنیادوں پر سیوریج نظام کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہر کو مزید تباہی سے بچایا جا سکے۔