November 17, 2026

روہڑی کے قریب گاؤں میں چوری کی کوشش، مزاحمت پر دو افراد قتل، پولیس مقابلے میں ایک چور ہلاک ملزمان کی گرفتاری کے لیے آپریشن جاری، جرائم پیشہ افراد کے ٹھکانے نذرِ آتش

IMG-20251222-WA0263

روہڑی کے قریب گاؤں میں چوری کی کوشش، مزاحمت پر دو افراد قتل، پولیس مقابلے میں ایک چور ہلاک
ملزمان کی گرفتاری کے لیے آپریشن جاری، جرائم پیشہ افراد کے ٹھکانے نذرِ آتش

سکھر روز نامہ کانیات (بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی)سکھر ضلع کی تحصیل روہڑی کے دبر تھانے کی حدود میں واقع گاؤں دلاور ڈپٹی ساوند میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب چوری کی واردات کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مزاحمت پر مسلح چوروں کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق نامعلوم مسلح چور رات کی تاریکی میں ایک گھر میں گھس کر وہاں بندھی گائے کھول کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ اسی دوران اہلِ خانہ بیدار ہو گئے اور انہوں نے چوروں کی مزاحمت کی۔ مزاحمت پر چوروں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں 25 سالہ عبدالشکور ساوند اور 40 سالہ مختیار ساوند موقع پر ہی گولیاں لگنے سے جاں بحق ہو گئے، جبکہ 21 سالہ محمد صدیق ساوند شدید زخمی ہو گیا۔واقعے کے بعد ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمی کو فوری طور پر روہڑی تعلقہ اسپتال منتقل کیا گیا۔دوسری جانب واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں بھرپور آپریشن شروع کر دیا۔ اس دوران پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک مسلح ملزم ہلاک ہو گیا۔ پولیس نے ہلاک ملزم کی لاش تحویل میں لے کر اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔ایس ایس پی سکھر اظہر مغل نے رابطے پر ایک ملزم کے مارے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے آپریشن جاری ہے اور انہیں بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے آپریشن کے دوران علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے کئی ٹھکانوں کو مسمار اور نذرِ آتش کر دیا ہے تاکہ علاقے میں امن و امان بحال کیا جا سکے۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ شہریوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔