سکھر (بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی)سکھر میں تین روزہ سندھ پنجاب کوڈی کوڈی ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوگیا، جس میں سندھ کی ٹیم نے شاندار
سکھر (بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی)سکھر میں تین روزہ سندھ پنجاب کوڈی کوڈی ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوگیا، جس میں سندھ کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی جبکہ پنجاب کی ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ فاتح اور رنر اَپ ٹیموں کو نقد انعامات اور شیلڈز سے نوازا گیا۔یہ تین روزہ ٹورنامنٹ سندھ اسپورٹس بورڈ کے زیرِ اہتمام اور سندھ کوڈی کوڈی ایسوسی ایشن کے تعاون سے سکھر کے بچل شاہ میانی گراؤنڈ میں منعقد کیا گیا، جس میں سندھ اور پنجاب کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ سندھ کی ٹیم کی قیادت کپتان جانِب عمرانی جبکہ پنجاب کی ٹیم کی قیادت کپتان شاہنواز ملک نے کی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے میں آئے۔
ٹورنامنٹ کا افتتاح سیاسی و سماجی رہنما اور اسٹیپ فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن میڈم شائستہ کھوسو نے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر سکھر محمد اخلاق میمن تینوں دن موجود رہے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میڈم شائستہ کھوسو، ڈی او اسپورٹس محمد اخلاق میمن، سندھ کوڈی کوڈی ویلفیئر ایسوسی ایشن سندھ کے صدر حاجی علی حسن شیخ، جنرل سیکریٹری محمد پناہ مہر، معروف فنکار جلال جوگی اور عاشق علی پٹھان نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ مرحوم کھلاڑیوں اور فنکاروں کی یاد میں منعقد کیا گیا ہے، اور کھیل کے ذریعے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ سندھ اسپورٹس بورڈ ہمیشہ کھیلوں کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کرتا رہا ہے۔ڈی او اسپورٹس محمد اخلاق میمن نے بتایا کہ صوبائی وزیر اور سیکریٹری اسپورٹس کی جانب سے ہر سال کوڈی کوڈی کے مقابلے ضلعی سطح پر منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مزید مواقع میسر آئیں۔ٹورنامنٹ کے دوران سندھ کے نامور مرحوم فنکاروں برکت بھٹ، دلبر شیخ، نادر علی ابڑو اور حسنین جلال کو خصوصی طور پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جس پر شرکاء اور شائقین نے بھرپور داد دی۔