سکھر ٹاؤن شپ سیکٹر 5 میں کار چوری، چور چند منٹوں میں گاڑی لے اُڑے، سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر
سکھر ٹاؤن شپ سیکٹر 5 میں کار چوری، چور چند منٹوں میں گاڑی لے اُڑے، سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر
سکھر روز نامہ کانیات (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سکھر ٹاؤن شپ سیکٹر 5 میں مین سپر ہائی وے کے قریب صبح سویرے نامعلوم چور شہری ناصر بندھانی کی گاڑی چوری کرکے فرار ہوگئے۔ واقعہ تھانہ ایئرپورٹ کی حدود میں پیش آیا، جس نے علاقے کے مکینوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔تفصیلات کے مطابق چوروں نے انتہائی مہارت اور منصوبہ بندی کے ساتھ کارروائی انجام دی۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آچکی ہے،جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چور نہایت آسانی سے اور چند ہی منٹوں میں گاڑی کو کھول کر موقع سے فرار ہو جاتے ہیں۔ فوٹیج کے مطابق چوروں کو کسی قسم کی مزاحمت یا خوف کا سامنا نہیں کرنا پڑا، جو سیکیورٹی انتظامات پر سوالیہ نشان ہے۔متاثرہ شہری ناصر بندھانی نے واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دے دی ہے اور اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چوری شدہ گاڑی کو جلد از جلد برآمد کرایا جائے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سکھر ٹاؤن شپ اور اطراف کے علاقوں میں گاڑی چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، تاہم پولیس کی جانب سے مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ رات اور صبح کے اوقات میں گشت بڑھایا جائے اور چوری کی وارداتوں میں ملوث گروہوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی کوششیں جاری ہیں۔