میلسی (بیو رو چیف )سستا بازار محض نام کا، مہنگائی برقرار، شہریوں کا وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس
میلسی (بیو رو چیف )سستا بازار محض نام کا، مہنگائی برقرار، شہریوں کا وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ شہر میں عوامی سہولت کے نام پر قائم کیے گئے سستابازار شہریوں کے لیے کوئی حقیقی ریلیف فراہم کرنے میں ناکام نظر آ رہے ہیں۔ سستہ بازار کی سہولت محض بورڈ تبدیل کرنے تک محدود ہو کر رہ گئی ہے، جبکہ عملی طور پر اشیائے خوردونوش سمیت روزمرہ استعمال کی تمام چیزیں مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ آٹا، چینی، سبزیاں، دالیں اور دیگر بنیادی اشیاء عام بازاروں سے بھی زیادہ قیمتوں پر فروخت ہو رہی ہیں، جس سے غریب اور متوسط طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے نرخ ناموں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث من مانی قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں، جبکہ چیک اینڈ بیلنس کا نظام مکمل طور پر غائب دکھائی دیتا ہے۔عوامی حلقوں نے شکایت کی ہے کہ سستا بازار کے قیام کا مقصد مہنگائی سے ریلیف دینا تھا، مگر موجودہ صورتحال میں یہ بازار عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا رہے ہیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں، ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کریں اور سستا بازاروں میں حقیقی معنوں میں سستی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی