سکھر۔سید نصیر حسین زیدی کے مطابق پرانہ سکھر بابن شاہ کالونی کے مکینوں کا صبر جواب دے گیا ہے، جہاں ڈیڑھ ماہ گزرنے کے باوجود گیس کی
سکھر۔سید نصیر حسین زیدی کے مطابق
پرانہ سکھر بابن شاہ کالونی کے مکینوں کا صبر جواب دے گیا ہے، جہاں ڈیڑھ ماہ گزرنے کے باوجود گیس کی فراہمی بحال نہ ہو سکی۔ متاثرہ علاقہ مکینوں نے احتجاج کے دوران میڈیا کو بتایا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے نئی پائپ لائن بچھائی جا رہی ہے، حالانکہ پرانی لائن میں کبھی کسی قسم کا مسئلہ درپیش نہیں تھا۔
مکینوں کے مطابق فالٹ درست کرنے کے لیے نا تجربہ کار عملہ تعینات کیا گیا ہے، جو ڈیڑھ ماہ گزرنے کے باوجود خرابی کی نشاندہی کرنے میں ناکام رہا۔ گیس کی بندش کے باعث گھریلو خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ متبادل کے طور پر ایل پی جی گیس استعمال کرنے سے ماہانہ بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
علاقہ مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر گیس بحال نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور قانونی چارہ جوئی کے لیے عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔