November 17, 2026

سکھر یوم وصال حضرت سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے موقع پر جلوس صحابہ عقیدت و احترام کے ساتھ نکالا گیا

IMG-20251215-WA0152

سکھر یوم وصال حضرت سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے موقع پر جلوس صحابہ عقیدت و احترام کے ساتھ نکالا گیا

سکھر روز نامہ کانیات (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سکھر سنی رابطہ کے زیر اہتمام 22 جمادی الثانی بمطابق 14 دسمبر 2025 کو یوم وصال حضرت سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے موقع پر سالانہ مدرح صحابہ مطالباتی جلوس عقیدت و احترام کے ساتھ نکالا گیا۔جلوس صدیق اکبر چوک (سٹی پوائنٹ) پچل شاہ میانی سے شروع ہو کر پریس کلب سکھر تک جاری رہا۔ اس میں اہل سنت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور جلوس کی قیادت مولانا سید رشید احمد شاہ بخاری نے کی۔جلوس میں کئی نامور علماء نے شرکاء سے خطاب کیا جن میں شامل ہیں۔مولانا غلام نبی عثمانی،مولانا عبد الہادی کھوسو،مولانا مفتی منصور احمد دھاریجو،مولانا فیاض احمد حالیجوی،مولانا محمد راشد عثمانی،قاری عبد الکریم بڑو،سید اکبر فاروقی،حافظ ابراہیم منگر یو مقررین نے اپنے خطابات میں حضرت سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی عظمت، خدمات اور بے مثال مقام کو تفصیل سے اجاگر کیا۔ علماء نے کہا کہ سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ تمام صحابہ میں سب سے افضل ہیں اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد امت کے سب سے بڑے محسن شمار کیے جاتے ہیں۔ آپ نے سب سے پہلے اسلام قبول کیا اور اپنی جان، مال اور خاندان کو اسلام کی خاطر وقف کر دیا۔مقررین نے مزید بتایا کہ حضرت صدیق اکبر رضی اللہ عنہ ہجرت کے سفر میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے واحد ہمسفر تھے اور قرآن کریم میں انہیں “ثانی اثنین” کے لقب سے یاد کیا گیا۔ غار ثور میں حضور کی ہجرت کے دوران اللہ کے وعدے کے ساتھ ان کی تسلی دی گئی، اور انہوں نے اسلام کے لیے بے شمار مالی قربانیاں دیں، حتی کہ ایک موقع پر اپنا سارا مال اللہ کی راہ میں پیش کیا۔حضرت سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے خلافت کے دور میں ارتداد کے فتنوں کو ختم کیا، قرآن کریم کی حفاظت کو یقینی بنایا اور اسلامی ریاست کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا۔جلوس کے شرکاء نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ حضرت سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے یوم وصال پر سرکاری تعطیل کا اعلان کیا جائے تاکہ نئی نسل ان کی سیرت، کردار اور خدمات سے آگاہ ہو سکے۔ ترجمان سنی رابطہ ضلع سکھر نے کہا کہ یہ مطالبہ عوامی جذبات کی ترجمانی کرتا ہے اور حکومت کو اس پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔