قدیم و تاریخی لینس ڈاؤن پل پر ٹریفک جام معمول بن گیا، شہریوں کو شدید مشکلات
قدیم و تاریخی لینس ڈاؤن پل پر ٹریفک جام معمول بن گیا، شہریوں کو شدید مشکلات
انتظامیہ کی غفلت پر شدید تنقید، فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
سکھر (بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی دعا ان ماہرین نیوز)سکھر اور روہڑی کو ملانے والا قدیم و تاریخی پل لینس ڈاؤن شدید ٹریفک جام کی لپیٹ میں آ گیا ہے، جس کے باعث مسافر گاڑیوں سمیت شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سکھر اور روہڑی انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے باعث اس تاریخی پل پر ٹریفک جام روز کا معمول بن چکا ہے، جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال مؤثر اقدامات نہیں کیے جا سکے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی دنوں سے لینس ڈاؤن پل اور اس کے ساتھ واقع ایوب پل پر مسافر گاڑیوں کا غیر معمولی رش دیکھا جا رہا ہے۔ ٹریفک پولیس اہلکاروں کی عدم تعیناتی اور ٹریفک مینجمنٹ کے ناقص انتظامات کے باعث روزانہ کئی کئی گھنٹے ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ہے، جس کے نتیجے میں شہری، ملازمین، مریضوں اور طلبہ کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک جام کے باعث ایمرجنسی سروسز بھی متاثر ہو رہی ہیں جبکہ روزمرہ معمولات بری طرح درہم برہم ہو چکے ہیں۔ خاص طور پر صبح اور شام کے اوقات میں ٹریفک کی صورتحال انتہائی سنگین ہو جاتی ہے، جس سے حادثات کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔دوسری جانب شہریوں اور سماجی حلقوں نے سکھر اور روہڑی انتظامیہ کی موجودہ کارکردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نوٹس لیا جائے اور قدیم و تاریخی لینس ڈاؤن پل پر ٹریفک جام کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے، مسافر گاڑیوں کے داخلے کو منظم کیا جائے اور ایوب پل و لینس ڈاؤن پل پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جائے۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کریں، بصورت دیگر عوامی سطح پر احتجاج کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔