میلسی ( بیو رو چیف )میلسی: 11 لاکھ آبادی کی حامل قدیم و بڑی تحصیل بدحالی کی تصویر بن گئی
میلسی ( بیو رو چیف )میلسی: 11 لاکھ آبادی کی حامل قدیم و بڑی تحصیل بدحالی کی تصویر بن گئی میلسی، جو 11 لاکھ سے زائد آبادی پر مشتمل خطے کی قدیم اور بڑی تحصیل سمجھی جاتی ہے، آج بدترین پسماندگی کا شکار ہو چکی ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ اس زبوں حالی کی بنیادی وجہ سیاستدانوں کی مسلسل بے حسی، عدم دلچسپی اور وعدہ خلافی ہے، جنہوں نے میلسی کو صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا اور اقتدار ملتے ہی اس شہر کو فراموش کر دیا۔تحصیل میلسی میں بنیادی سہولیات کا شدید فقدان ہے۔ پینے کا صاف پانی، صحت، تعلیم، سیوریج، سڑکیں اور صفائی جیسے بنیادی مسائل برسوں سے جوں کے توں ہیں، مگر نام نہاد عوامی نمائندے محض بیانات اور کھوکھلے دعوؤں تک محدود ہیں۔ ترقیاتی منصوبے کاغذوں میں مکمل دکھا دیے جاتے ہیں جبکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔شہری حلقے سوال اٹھا رہے ہیں کہ 11 لاکھ آبادی رکھنے والی تحصیل کو آخر کب تک نظرانداز کیا جاتا رہے گا؟ میلسی کے عوام آج بھی بنیادی حقوق کے لیے ترس رہے ہیں جبکہ سیاستدان ذاتی مفادات، کرپشن اور اقتدار کی رسہ کشی میں مصروف ہیں۔ یہ رویہ نہ صرف عوام کے ساتھ سنگین ناانصافی ہے بلکہ جمہوری نظام پر بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ میلسی کو دانستہ پسماندہ رکھنے والے عناصر کا احتساب کیا جائے اور اس تحصیل کو اس کا جائز حق دیا جائے، ورنہ عوامی غصہ کسی بھی وقت شدید ردعمل کی صورت اختیار کر سکتا ہے