November 17, 2026

سکھر روز نامہ کانیانت(بیورورپورٹ) وزیر داخلہ سندھ کا ضیاءالدین اسپتال کا دورہ، زخمی افسران کی عیادت، کیش ریوارڈ اور کیو پی ایم کی

IMG-20251212-WA0210

سکھر روز نامہ کانیانت(بیورورپورٹ)
وزیر داخلہ سندھ کا ضیاءالدین اسپتال کا دورہ، زخمی افسران کی عیادت، کیش ریوارڈ اور کیو پی ایم کی سفارشات کا اعلان وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے آج سکھر کے ضیاءالدین اسپتال کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے شکارپور میں ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی عیادت کی۔ وزیر داخلہ نے دلیر افسران اور جوانوں کے لیے کیش ریوارڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان بہادر غازیوں کے لیے جلد ہی قائداعظم پولیس میڈل (QPM) کی سفارشات بھی ارسال کی جائیں گی۔اسپتال میں زیرِ علاج ڈی ایس پی سٹی پارس بکھرانی، ڈی ایس پی گڑھی یاسین ظہور احمد سومرو، اہلکار منور بروہی اور اسرار منگرانی سے ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور اسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات ہر صورت یقینی بنائی جائیں۔شکارپور آمد، امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس اس سے قبل وزیر داخلہ سندھ شکارپور پہنچے، جہاں انہوں نے ایس ایس پی شکارپور کے دفتر کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران علاقے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور خصوصاً کچہ ایریاز میں جاری پولیس آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب نے وزیر داخلہ کو کارروائی کی رفتار، موجودہ پیش رفت اور مجموعی حکمت عملی پر بریفنگ دی جبکہ ایس ایس پی شکارپور نے تازہ صورتحال اور پولیس کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔وزیر داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شکارپور پولیس نے گزشتہ روز ڈاکوؤں کے خلاف اہم کامیابی حاصل کرکے مثالی جرات کا مظاہرہ کیا ہے۔ضیاء الحسن لنجار نے ہدایات جاری کیں کہ کچے کے ساتھ ساتھ شہروں اور پکے علاقوں میں بھی جرائم کے خلاف مؤثر اور آہنی کارروائیاں یقینی بنائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے اور قانون شکن عناصر کو سخت کارروائی کے ذریعے انجام تک پہنچایا جائے.وزیر داخلہ نے اسپتال میں موجود زخمی پولیس جوانوں کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور انہیں مکمل تعاون اور ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ فرض کی راہ میں جرات اور بہادری دکھانے والے افسران اور اہلکار قوم کا حقیقی سرمایہ اور ہمارے اصل ہیرو ہیں۔دورے کے دوران وزیر داخلہ نے ڈی آئی جیز سکھر اور لاڑکانہ سے بھی کچہ ایریا میں جاری پولیس آپریشن پر تفصیلی بریفنگ لی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور، نتیجہ خیز اور تیز رفتار کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ عوام کو دیرپا امن فراہم کیا جاسکے۔وزیر داخلہ سندھ نے کچہ ایریاز میں پولیس کی حکمت عملی، پیشہ ورانہ مہارت اور افسران و جوانوں کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ انتہائی مشکل حالات کے باوجود پولیس نے جس عزم کے ساتھ فرائض انجام دیے ہیں وہ قابلِ تحسین اور لائقِ فخر ہے۔