تحریکِ انصاف کے تین ادوار میں صوبہ خیبر پختونخوا خصوصا جنوبی اضلاع کی عوام کو شدید مایوسی اور محرومی کے سوا کچھ نہیں ملا، ملک لیاقت علی خان وزیر۔۔
تحریکِ انصاف کے تین ادوار میں صوبہ خیبر پختونخوا خصوصا جنوبی اضلاع کی عوام کو شدید مایوسی اور محرومی کے سوا کچھ نہیں ملا، ملک لیاقت علی خان وزیر۔۔
بنوں(دعاآن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ن) خیبر پختونخوا کے سینئر رہنما اور سابق امیدوار PK-103 ملک لیاقت علی خان وزیر نے اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کے تین ادوار میں صوبہ خیبر پختونخوا خصوصا جنوبی اضلاع کی عوام کو شدید مایوسی اور محرومی کے سوا کچھ نہیں ملا، انہوں نے کہا کہ پالیسی سازی ہو یا ترقیاتی بجٹ کی تقسیم ہر سطح پر جنوبی اضلاع کو یکسر نظرانداز کیا گیا اور یہاں جاری ترقیاتی عمل کو جان بوجھ کر سبوتاژ کیا جاتا رہا، جنوبی اضلاع خاص طور پر شمالی وزیرستان میں صوبائی حکومت کی جانب سے ترقیاتی سرگرمیوں کا مکمل فقدان رہا ہے، پورے علاقے میں بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی، سڑکوں کی تعمیر، تعلیم، صحت، پانی اور توانائی کے منصوبوں کا عملا کوئی وجود نظر نہیں آتا، حکومت نے یہاں کے مسائل کو نہ سمجھا، نہ سنجیدگی سے لیا، ملک لیاقت علی خان وزیر نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کا انضمام ملک اور صوبے کے لیے ایک اہم قدم تھا، مرجر کے بعد صوبائی حکومت کی ذمہ داری بنتی تھی کہ یہاں خصوصی توجہ دی جاتی، ترقیاتی منصوبے شروع کروائے جاتے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح بنایا جاتا لیکن بدقسمتی سے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے ان علاقوں کو مسلسل نظرانداز کر کے عوام کی محرومیوں میں مزید اضافہ کیا، جو انتہائی قابلِ مذمت ہے، انہوں نے کہا کہ جنوبی اضلاع کے عوام آج بھی امن، ترقی، روزگار اور بنیادی سہولیات کے منتظر ہیں، یہ علاقے دہائیوں کی بدامنی، بے گھر ہونے اور معاشی مشکلات کا سامنا کرچکے ہیں مگر صوبائی حکومت نے یہاں کی بحالی اور ترقی کے لیے کوئی سنجیدہ حکمت عملی اختیار نہیں کی، مسلم لیگی رہنما نے مطالبہ کیا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت جنوبی اضلاع کی محرومیوں کا نوٹس لے، تمام مرجز اضلاع بشمول شمالی وزیرستان، خصوصی ترقیاتی پیکج کا اعلان کرے، ضم شدہ اضلاع کے لیے مختص فنڈز شفاف انداز میں خرچ کیے جائیں اور تمام شعبوں میں ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے تاکہ یہ خطہ بھی صوبے کے دیگر علاقوں کی طرح ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے