میلسی (بیو رو چیف ) لاہور میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے مرکزی ایڈیشنل
میلسی (بیو رو چیف ) لاہور میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکریٹری خان محمود حیات خان ٹوچی خان اور خان عبداللہ حیات خان یوسفزئی نے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی حالات، پارٹی کی موجودہ حکمت عملی، تنظیمی ڈھانچے کی مضبوطی اور پنجاب خصوصاً جنوبی پنجاب میں پیپلزپارٹی کی فعالیت بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ملاقات کے دوران رہنماؤں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو خطے کی سیاسی صورتحال، کارکنان کی کارکردگی اور جاری تنظیمی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع وہاڑی اور میلسی میں پارٹی کارکنان بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق عوامی رابطہ مہم کو بھرپور انداز میں آگے بڑھا رہے ہیں، اور پارٹی کا بیانیہ تیزی سے عوامی سطح پر پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔خان محمود حیات خان ٹوچی خان نے بریفنگ میں کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام پیپلزپارٹی کے اصولی مؤقف اور بلاول بھٹو زرداری کی نوجوان قیادت پر اعتماد کر رہے ہیں۔ کارکنان جوش و جذبے کے ساتھ تنظیمی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دونوں رہنماؤں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کی بنیاد ہمیشہ عوامی طاقت پر رہی ہے، اور پنجاب خصوصاً جنوبی پنجاب میں کارکنان کا ولولہ پارٹی کا اصل سرمایہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی خدمت، جمہوریت کے استحکام اور سیاسی استقامت کے مشن پر ثابت قدم ہے۔