October 31, 2026

سکھر (بیورو رپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی) سکھر ریجن میں وفاقی محتسب اعلیٰ کے تحت منعقد ہونے والی کھلی کچہریاں عوامی مسائل کے فوری حل کا

IMG-20251205-WA0493

سکھر (بیورو رپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی) سکھر ریجن میں وفاقی محتسب اعلیٰ کے تحت منعقد ہونے والی کھلی کچہریاں عوامی مسائل کے فوری حل کا مضبوط ذریعہ بن گئی ہیں، جس سے شہریوں کا اداروں پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔ یہ بات وفاقی محتسب اعلیٰ کے سکھر ریجنل ڈائریکٹر سید محمود علی شاہ نے روہڑی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔سید محمود علی شاہ نے بتایا کہ وفاقی محتسب اعلیٰ اعجاز احمد قریشی کی عوام دوست وژن، واضح پالیسی اور خصوصی ہدایات کے تحت سکھر ریجن میں کھلی کچہریاں تیزی سے جاری ہیں، جو شہریوں اور دیہی علاقوں کے لوگوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کا اصل مقصد عوام تک انصاف پہنچانا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سکھر، خیرپور، گھوٹکی، روہڑی، پنو عاقل، اوباڑو اور میرپور ماتھیلی سمیت متعدد اضلاع میں کھلی کچہریاں منعقد کی گئی ہیں، جہاں شہری بڑی تعداد میں اپنی شکایات پیش کرتے ہیں۔ کچہریوں میں سیپکو، سوئی گیس، پاکستان ریلوے، نادرا اور دیگر وفاقی اداروں کے افسر موجود رہتے ہیں تاکہ شکایات کا فوری حل یقینی بنایا جا سکے۔سید محمود شاہ نے بتایا کہ سب سے زیادہ شکایات بجلی کے بلوں میں غلطیاں، غیر ضروری جرمانے، گیس کی سپلائی میں کمی اور مسائل، ریلوے کی بے انتظامی، مسافروں کی شکایات، اور نادرا کے سسٹم سے متعلق پیچیدگیاں ہیں، لیکن کھلی کچہری میں کئی شکایات چند منٹوں میں حل کی جاتی ہیں، جو عوام کے اعتماد کی بحالی کی اہم علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کے ذریعے شہریوں کو دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑتے، نہ سفارش یا فیس کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ہی پیچیدہ کارروائیوں میں وقت ضائع ہوتا ہے۔ وفاقی محتسب اعلیٰ کا مقصد یہ ہے کہ مظلوم اور بے سہارا افراد انصاف حاصل کرنے میں کسی رکاوٹ کا سامنا نہ کریں۔سید محمود شاہ نے مزید بتایا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد سے نہ صرف طویل مدتی مسائل حل ہو رہے ہیں بلکہ عوام کا وفاقی اداروں پر اعتماد بھی بحال ہوا ہے۔ کئی ایسے کیسز جنہیں سالوں سے حل نہیں کیا گیا تھا، کھلی کچہری میں چند منٹوں میں نمٹا دیے گئے۔انہوں نے کہا کہ ریجنل ڈائریکٹوریٹ سکھر کا عملہ اور تمام افسران عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ دن رات مصروف ہیں، ہر ضلع اور گاؤں میں جا کر شہریوں کی باتیں براہِ راست سن کر فوری احکام جاری کر کے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔آخر میں سید محمود شاہ نے وفاقی محتسب اعلیٰ اعجاز احمد قریشی کی رہنمائی اور ہدایات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے وژن کے مطابق ملک بھر میں وفاقی محتسب کے افسران اور ادارے عوامی شکایات کے فوری حل میں بے مثال کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ کھلی کچہریاں ثابت کر چکی ہیں کہ اگر ادارے جذبے، ایمانداری اور ذمہ داری کے ساتھ کام کریں تو عوام کو انصاف گھر کی دہلیز پر حاصل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وفاقی محتسب اعلیٰ کا مشن عوام کو مکمل ریلیف اور مسائل کے طویل مدتی حل تک جاری رہے گا۔