October 31, 2026

سامارو میں فائر بریگیڈ کی مبینہ تاخیر اور شہریوں کی اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا۔

IMG-20261031-WA0204

سامارو میں فائر بریگیڈ کی مبینہ تاخیر اور شہریوں کی اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا۔
سامارو مین روڈ کوٹ غلام محمد، ڈاکٹر لچھمن میگھواڑ مارکیٹ کے قریب کچرے کے ڈھیر سے اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے راجو مالہی کی ٹائر پنکچر کی کچی دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے باعث دکان کی چھت اور ٹائر سمیت دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ واقعے کے بعد شہریوں اور دکانداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پایا۔

تفصیلات کے مطابق سامارو مین روڈ پر ڈاکٹر لچھمن میگھواڑ مارکیٹ کے قریب کچرے کے ڈھیر سے اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے قریب واقع راجو مالہی کی پنکچر کی دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
دکانداروں کے مطابق مذکورہ دکان گزشتہ چند روز سے بند تھی، جبکہ آگ لگنے سے دکان کی چھت، ٹائر اور دیگر سامان جل کر راکھ ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ لگنے کی وجہ آتش بازی کے پٹاخے بتائے جا رہے ہیں، تاہم آگ لگنے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ عملے کو اطلاع دینے کے باوجود گاڑی تاخیر سے پہنچی، جس کے باعث شہریوں اور دکانداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھائی اور مزید نقصان سے بچاؤ ممکن بنایا۔
شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دو روز کے دوران شہر میں آگ لگنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے، لیکن فائر بریگیڈ کی بروقت عدم دستیابی سوالیہ نشان بن گئی ہے۔
شہریوں نے متعلقہ حکام سے فائر بریگیڈ کی کارکردگی کا نوٹس لینے اور ہنگامی حالات میں فوری رسپانس یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف عمرکوٹ