خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)ڈسٹرکٹ سکاوٹ سیکرٹری خوشاب ملک محمد خالد راہداری نے کہا ہے کہ سکاوٹنگ محض ایک سرگرمی نہیں بلکہ ایک ایسی ہمہ
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)ڈسٹرکٹ سکاوٹ سیکرٹری خوشاب ملک محمد خالد راہداری نے کہا ہے کہ سکاوٹنگ محض ایک سرگرمی نہیں بلکہ ایک ایسی ہمہ جہت تربیت ہے جو نوجوانوں میں کردار سازی، نظم و ضبط، خدمتِ خلق اور قیادت کی صلاحیتوں کو اُجاگر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں سکاوٹنگ نوجوان نسل کو مثبت سمت دینے اور انہیں ایک ذمہ دار شہری بنانے میں بنیادی کردار ادا کر رہی ہے۔ ذرائع ابلاغ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوءے انہوں نے کہا کہ سکاوٹس ہمیشہ سے ایمرجنسی صورتِ حال میں عوام کی مدد، معاشرتی خدمت، ماحول دوستی اور امن کے پیغام کو عام کرنے میں پیش پیش رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سکاوٹ تحریک پوری دنیا میں انسانی خدمت اور نوجوانوں کی بہترین تربیت کا معتبر ذریعہ سمجھی جاتی ہے۔
ملک محمد خالد راہداری نے کہا کہ خوشاب کے نوجوان بے حد باصلاحیت ہیں اور سکاوٹنگ کے ذریعے ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکتا ہے۔ انہوں نے تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ اپنے اداروں میں سکاوٹنگ سرگرمیوں کو فروغ دیں تاکہ طلباء نظم و ضبط، تحمل، رواداری اور مثبت سوچ جیسے اوصاف سے آراستہ ہو سکیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈسٹرکٹ سکاوٹ ایسوسی ایشن خوشاب میں سکاوٹنگ سرگرمیوں کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی اور سکاوٹ تحریک کو مزید فعال، مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ “سکاوٹنگ نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، ہمیں اسے اپنا اجتماعی مشن بنانا ہوگا۔”