سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)تین روز قبل ڈکیتی کے دوران قتل ہونے والے نوجوان وکیل صدام لاشاری کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے سکھر پولیس کی جانب سے وسیع پیمانے پر شروع کیا گیا
سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)تین روز قبل ڈکیتی کے دوران قتل ہونے والے نوجوان وکیل صدام لاشاری کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے سکھر پولیس کی جانب سے وسیع پیمانے پر شروع کیا گیا آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا۔ تھانہ ائیرپورٹ کی حدود سعید آباد اور اس سے متصل کچے کے علاقوں میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مزید چھاپے مارے اور کارروائیاں تیز کرتے ہوئے دو مزید مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ترجمان سکھر پولیس کے مطابق ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی ہدایت پر قاتل قادر عرف قادرو خروس جتوئی اور اس کے گینگ کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول صدام لاشاری کے قتل میں ملوث عناصر کی تلاش کے لیے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران علاقے میں گھیراؤ اور تلاشی کا سلسلہ مزید سخت کر دیا گیا ہے۔آپریشن میں بکتر بند گاڑیوں، جدید اسلحے، ڈرون ٹیکنالوجی اور جدید مشینری کا استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ پولیس کی بھاری نفری مختلف مقامات پر سرچنگ میں مصروف ہے۔ ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کے متعدد ٹھکانوں اور مورچوں کو آگ لگا کر مسمار کر دیا گیا ہے، تاکہ جرائم پیشہ عناصر کو پناہ گاہیں فراہم نہ رہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک مقتول صدام لاشاری کے اصل قاتل گرفتار نہیں ہو جاتے۔ سکھر پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ شہریوں کا امن اور تحفظ یقین بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، اور جرائم پیشہ افراد کے لیے ضلع میں کوئی گنجائش نہیں چھوڑی جائے گی۔