سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سکھر میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے، جہاں
سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سکھر میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے، جہاں مختلف علاقوں میں دو الگ الگ موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق، تھانہ سی سیکشن کی حدود میں زوھیب لیبارٹری کے نزد بلڈ بینک اسپتال کے باہر، نیوپنڈ کا رہائشی الاہی بخش ولد شبیر احمد مھر اپنی یونین اسٹار موٹر سائیکل نمبر KJJ-8447، ماڈل 2016، رنگ کالا کے ساتھ موجود تھا، جب نا معلوم چور نے اس کی موٹر سائیکل چوری کر کے فرار حاصل کر لیا۔اسی دوران تھانہ اے سیکشن کی حدود پاکستان گلی نزد شڪارپور روڈ میں بھی ایک واردات پیش آئی، جہاں دو نامعلوم مسلح ملزمان نے مال گودام بندر روڈ کے رہائشی محمد متین ولد محمد علی میمن کو اسلحے کے زور پر یرغمال بناتے ہوئے اس کی یونیک موٹر سائیکل (ماڈل 2025، رنگ کالا) چھین لی۔ عینی شاہدین کے مطابق ملزمان واردات کے بعد با آسانی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔متاثرہ شہریوں نے فوری طور پر متعلقہ تھانوں میں اطلاع دی، جس کے بعد پولیس نے دونوں وارداتوں کی رپورٹ درج کر کے نامعلوم ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں گشت بڑھا دیا گیا ہے اور قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کر کے ملزمان تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔شہریوں نے بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سکھر پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ گشت مزید بڑھایا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت اور فوری کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں میں امن و تحفظ کا ماحول برقرار رکھا جا سکے۔