*خضدار ،سب سے بڑا کرپشن اسکینڈل بے نقاب ،کمشنر قلات ڈویژن کا بڑا اقدام قانونگو پٹواری کی ملازمت برخاست*
*خضدار ،سب سے بڑا کرپشن اسکینڈل بے نقاب ،کمشنر قلات ڈویژن کا بڑا اقدام قانونگو پٹواری کی ملازمت برخاست*
*خضدار // سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل، مالکانہ حقوق میں جعل سازی اور سرکاری زمینوں پر مبینہ طور پر سنگین چھیڑ چھاڑ کے انکشافات سامنے آنے کے بعد کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر طفیل احمد بلوچ نے فوری اور سخت ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ قانون گو/نائب تحصیلدار کی سرکاری ملازمت ختم کر دی ،کمشنر کی جانب سے جاری حکم نامے میں مذکور اہلکار کو سرکاری ملازمت کے لیے مستقل طور پر نااہل قرار دیا گیا ہے، جسے عوامی سطح پر انتہائی مؤثر اور بروقت اقدام قرار دیا جا رہا ہے ، عوامی ردعمل کے مطابق اس فیصلے نے سرکاری محکموں میں جاری بدعنوانی کے خلاف ایک واضح اور مضبوط پیغام دیا ہے کہ آئندہ ریکارڈ میں کسی قسم کی جعل سازی یا سرکاری زمینوں پر ناجائز دخل اندازی برداشت نہیں کی جائے گی ، مقامی شہریوں اور متاثرین نے کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر طفیل بلوچ کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ کارروائی محض ایک فرد تک محدود نہیں رہے گی بلکہ گزشتہ برسوں میں کی جانے والی تمام مشکوک الاٹمنٹ، ٹاؤن شپ اسکیم میں ریکارڈ کی چھیڑ چھاڑ، سرکاری زمینوں پر قبضہ، اور مالکانہ حقوق کی جعل سازی کے ہر کیس کی جامع اور غیرجانبدارانہ انکوائری ہوگی،عوام کا کہنا ہے کہ متعدد علاقوں میں سرکاری اور پرائیویٹ زمینوں کے ریکارڈ میں مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئی ہیں، کئی اصل مالکان برسوں سے اپنے حقوق کے حصول کے لیے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور کئی الاٹمنٹس پر جعلی فائلیں، فرضی کاغذات اور بوگس انتقالوں کا سہارا لیا گیا، جس کی وجہ سے حقیقی مالکان سخت اذیت کا شکار ہیں ، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کمشنر قلات ڈویژن نہ صرف موجودہ کیس تک محدود رہیں بلکہ اس سے منسلک تمام نیٹ ورکس تک پہنچ کر اصل حقائق سامنے لائیں، تاکہ حقیقی مالکان کو ان کا حق دلایا جا سکے اور دیگر محکموں اور سابقہ قانون گو کا ریکارڈ بھی کھنگالنا بھی ناگزیز ہے ،علاوہ ازیں باوثوق ذرائع کے مطابق گزشتہ 15 بیس برسوں میں مختلف تحصیلوں اور علاقوں میں سرکاری زمینوں کے ریکارڈ میں بے قاعدگیوں کے شکوک بارہا ظاہر کیے جاتے رہے ہیں، مگر موثر تحقیقات نہ ہونے کے باعث یہ نیٹ ورک برسوں سے سرگرم رہا ،عوامی نمائندوں اورشہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سابقہ قانونگو اور متعلقہ عملے کے ریکارڈ کا بھی باقاعدہ فرانزک آڈٹ کیا جائے ، گزشتہ ڈیڑھ دہائی میں ہونے والی تمام الاٹمنٹ تبادلوں سرکاری زمینوں کی تقسیم اور انتقالات کی جامع چھان بین کی جائے جعلی انتقال، قبضہ مافیا، اور نامعلوم ذرائع سے ریکارڈ تبدیل کرنے والے گروہوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، ان کا کہنا ہے کہ اگر گزشتہ 15 بیس سال کا مکمل ریکارڈ نکال کر باریک بینی سے جانچا جائے تو ڈاکٹر طفیل بلوچ کو بدعنوانی کے مزید کئی پہلو سامنے مل سکتے ہیں، جو پورے ڈویژن میں شفافیت کی بحالی کے لیے انتہائی اہم ہے ، شہریوں نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمشنر قلات ڈاکٹر طفیل احمد بلوچ کا موجودہ اقدام ایک ٹھوس اور تاریخی فیصلہ ہے، مگر اس تحریک کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے مزید انکوائری کمیٹیاں تشکیل دی جائیں تمام متاثرین کی درخواستیں سنی جائیں سرکاری ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کیا جائے اور قبضہ مافیا و بدعنوان عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ خضدار میں مستقبل میں کسی بھی قسم کی بدانتظامی، جعل سازی یا ریکارڈ میں چھیڑ چھاڑ کی گنجائش نہ رہے*