*خضدار: میونسپل کارپوریشن کا بجٹ اجلاس، ہاؤس نے 16 کروڑ روپے کا بجٹ منظور کر لیا، چیئرمین آصف جمالدینی ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی اور
*خضدار: میونسپل کارپوریشن کا بجٹ اجلاس، ہاؤس نے 16 کروڑ روپے کا بجٹ منظور کر لیا، چیئرمین آصف جمالدینی ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی اور چیف آفیسر وڈیرہ محمد صالح جاموٹ کا خصوصی خطاب، صدارت جمیل قادر زہری نے کی*
خضدار: 27 نومبر 2025/ میونسپل کارپوریشن خضدار کا مالی سال 2025-26 کا بجٹ اجلاس اسپیکر جميل قادر زہری کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ سعادت مولانا محمد اسلم گزگی نے حاصل کی ۔ اجلاس میں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن وڈیرہ محمد صالح جاموٹ نے ابتدائی کلمات ادا کیئے جبکہ ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور اہم خطاب کیا۔
چیئرمین میونسپل کارپوریشن اور قائد ایوان میر محمد آصف جمالدینی نے بھی تفصیلی خطاب کیا۔ اس کے علاوہ رئیس بشیر احمد مینگل، ایڈووکیٹ غلام نبی غلامانی، حافظ طلحہ قمر آسمہ میر حسنی احمد گنگو علی اکبر و دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ہاؤس نے متفقہ طور پر 16 کروڑ روپے کا بجٹ منظور کر لیا۔
اجلاس میں شرکاء نے امن و امان، تعلیم، صحت، بجلی، ٹریفک نظام، صفائی ستھرائی، نادرا، قبضہ مافیہ سمیت متعدد اہم ایشوز پر کھل کر بات کی۔چیئرمین میونسپل کارپوریشن خضدار میر محمد آصف جمالدینی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس ہاؤس کے تمام ممبران ہمارے لیئے معزز اور محترم ہیں۔ ہم سب کی تجاویز اور وارڈز کو برابری کی بنیاد پر اہمیت اور توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدار مل کر شہر کی بھلائی کے لیئے کام کر رہے ہیں، اور دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے شہر کی صفائی ستھرائی اور اس کی رونق کو دوبالا کرنے کے لیئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ چیئرمین نے یقین دلایا کہ تمام ممبران کی آواز کو سنا جائے گا اور شہر کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے کے لیئے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے بجٹ کی منظوری کو شہر کی خوشحالی کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ یہ بجٹ عوامی فلاح و بہبود پر مبنی ہے، جس میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی گئی ہے۔
چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدار وڈیرہ محمد صالح جاموٹ نے اپنے خطاب میں میونسپل کارپوریشن کے تحت ترقیاتی کاموں، عوامی فلاح و بہبود اور شہر کی رونق کو دوبالا کرنے کے لیئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل کو بہترین طریقے سے استعمال کرتے ہوئے شہر کی صفائی، سڑکوں کی مرمت، پارکوں کی بحالی اور دیگر بنیادی سہولیات پر توجہ دی جا رہی ہے۔ چیف آفیسر نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن کی ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں تاکہ خضدار کو ایک مثالی شہر بنایا جا سکے۔ انہوں نے ہاؤس ممبران سے اپیل کی کہ وہ اپنے وارڈز میں عوامی مسائل کی نشاندہی کریں تاکہ ان کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جا سکے۔ مزید برآں، انہوں نے بجٹ کی منظوری کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ بجٹ شہر کی مجموعی ترقی کے لیئے سنگ میل ثابت ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے اپنے خطاب میں صحت کے شعبے کو سب سے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جھالاواں ٹیچنگ ہسپتال خضدار کے بعد اب ڈاکٹروں کی کمی نہیں رہی، البتہ لوئر اسٹاف کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی اضلاع سے مریض یہاں آتے ہیں، اس لیئے ہسپتال کو ہر صورت فوکس میں رکھنا ہوگا۔ ڈی سی نے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بغیر ڈیٹا کے مفروضوں پر بات کرنا بے معنی ہے۔ انہوں نے غیر رجسٹرڈ ڈاکٹروں اور کیمیکل آمیزش اشیائے خوردونوش کے معاملے پر سخت تشویش ظاہر کی اور میونسپل افسران سے کہا کہ وہ عوام کی آنکھیں بنیں اور ایسے عناصر کی نشاندہی کریں۔ علاوہ ازیں انہوں نےکہاکہ ضلع بھر میں 63 اسکولز فی الحال فنکشنل نہیں ہیں، جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ڈی سی ساسولی نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ کلوز کوآرڈینیشن رکھیں اور عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص اللہ تبارک وتعالیٰ، اپنے ضمیر اور عوام کے سامنے جوابدہ ہے۔
اجلاس میں شرکاء نے تمام خطابات کو سراہا اور یقین دلایا کہ تجاویز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ یہ اجلاس خضدار کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کی طرف ایک اہم پیش رفت ثابت ہوا۔اجلاس میں میونسپل کارپوریشن کے ممبران مولانا عنایت اللہ رودینی ماسٹر،فدا احمد بلوچ کی صحت یابی کیلئے دعاء کی گئی ۔ اجلاس کا اختتام مولانا محمد موسیٰ ملازئی کی دعاء سے ہوا۔