عمرکوٹ (رپورٹ رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف ) 1980 سے میونسپل کمیٹی عمرکوٹ کے ملازمین ترقی سے محروم غیرقانونی بھرتیوں کو تین تین مرتبہ
عمرکوٹ (رپورٹ رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف )
1980 سے میونسپل کمیٹی عمرکوٹ کے ملازمین ترقی سے محروم غیرقانونی بھرتیوں کو تین تین مرتبہ ترقی، کھلی کچہری میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف تفصیلات کے مطابق
صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ کے حکم پر میونسپل کمیٹی ہال عمرکوٹ میں منعقدہ کھلی کچہری میں میونسپل کمیٹی کے ملازمین کی چار دہائیوں سے ترقی نہ ہونے کا سنگین معاملہ اٹھا۔ سماجی رہنما اور پریس کلب عمرکوٹ کی مینیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین رحیمدانی اکیڈمی کے صدر رسول بخش رحیمدانی نے ریجنل ڈائریکٹر میرپورخاص محتسب اعلیٰ ذوالفقار علی جونیجو کو تحریری درخواست پیش کی، جس پر موقع پر ہی نوٹس لیتے ہوئے احکامات جاری کئے گئے۔ رسول بخش رحیمدانی نے انکشاف کیا کہ 1980 سے اب تک میونسپل کمیٹی عمرکوٹ کے اصل اور پرانے ملازمین کو ترقی نہیں دی گئی، جن میں سے کئی اب ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچ چکے ہیں۔ اس کے برعکس 2013 میں غیرقانونی طور پر بھرتی کئے گئے افراد کو تین تین مرتبہ ترقی دی گئی اور سینئر ملازمین کا حق بری طرح پامال کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جن ملازمین کو ترقی دی گئی، ان کی منظوری میونسپل کمیٹی کونسل نے تو دے دی تاہم سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سندھ سے باضابطہ اجازت نہیں لی گئی، جو بدعنوانی اور قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی اسمبلی کے ایم پی اے سید امیر علی شاہ نے بھی وزیراعلیٰ سندھ کو اس ناانصافی کے خلاف خط لکھا تھا، جس پر وزیراعلیٰ نے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو ملازمین کی سینیارٹی لسٹ اور متعلقہ دستاویزات طلب کرکے مکمل جانچ پڑتال کی ہدایت جاری کی، مگر تاحال اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے سی ایم او میونسپل کمیٹی عمرکوٹ سید ساجد علی شاہ نے بتایا کہ غیرقانونی ترقیوں اور بھرتیوں کی مکمل جانچ پڑتال کے لیے ٹاؤن آفیسر اویس علی سمیجو کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے، جو ملازمین کی سینیارٹی لسٹ سمیت متعلقہ دستاویزات کی چھان بین کرکے رپورٹ سندھ حکومت اور سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو ارسال کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ میونسپل کمیٹی کونسل نے رجسٹرڈ رحیمدانی کرکٹ اکیڈمی کیلئے سالانہ دو لاکھ روپے گرانٹ منظور کی ہے، جو بہت جلد جاری کی جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ 2026 کے بجٹ میں اس گرانٹ میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ صحت مند اسپورٹس سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔ سی ایم او کا کہنا تھا کہ شہری مسائل کی حل اولین ترجیح ہے، اسی سلسلے میں سید امیر علی شاہ کے کوٹے سے پیور بلاک روڈز کی تعمیر جاری ہے اور مزید ترقیاتی منصوبے بھی جلد شروع کیے جائیں گے۔ آخر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ میرپورخاص ذوالفقار علی جونیجو نے کہا کہ صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ محمد سہیل راجپوت کا ویژن ہے کہ عوام کی دہلیز تک فوری اور شفاف انصاف پہنچایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل ضلع کونسل عمرکوٹ اور ڈسٹرکٹ ٹریژری آفس میں کھلی کچہریاں ہو چکی ہیں، جبکہ میرپورخاص ڈویژن کے دیگر شہروں میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا تاکہ عوام کے مسائل براہِ راست سن کر مؤثر اقدامات کیے جاسکیں۔اس موقع پر میونسپل کمیٹی عمرکوٹ کے وائس چیئرمین کمار ٹلوانی، ڈی او ایجوکیشن عنایت علی، سپرنٹنڈنٹ آفیسر ضلع کونسل دلپت اوڈ، میونسپل کمیٹی کے کونسلر ڈاکٹر چیتن کمار مالہی، کونسلر عاشق علی، کونسلر شوکت علی ادھیپوری، کونسلر چیتن گوئل، میونسپل کمیٹی کے افسران، رئیس خان صاحب رسول بخش مری، ٹاؤن آفیسر اویس علی سمیجو، ڈی ایس پی تصور جٹ، سول سوسائٹی، شہری، سماجی کارکن اور صحافی بڑی تعداد میں کھلی کچہری میں شریک ہوئے۔