November 17, 2026

سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی تحریر : شہیر انصاری

IMG-20251126-WA0318

سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی
تحریر : شہیر انصاری

بچہ اور اس کی نفسیات تعلیم، تربیت اور معاشرتی ذمہ داری بچہ کسی گھر، خاندان یا فرد کا ہی نہیں بلکہ معاشرے، قوم اور مستقبل کا سب سے قیمتی سرمایہ ہوتا ہے۔ جدید تحقیق اور نفسیاتی اصول ہمیں یہ حقیقت باور کراتے ہیں کہ بچہ محض خالی کاغذ نہیں جس پر جو چاہیں لکھ دیا جائے؛ بلکہ وہ ایک حساس دل، سمجھ دار ذہن اور بڑھتی ہوئی شخصیت کا حامل وجود ہے۔ اس وجود کو محبت، رہنمائی، عزت اور محفوظ ماحول کی ضرورت ہوتی ہے، تاکہ وہ ایک صحت مند اور باوقار انسان بن سکے۔ایک بچے کو سمجھنے کا بہترین طریقہ اس کا ایک پودے سے موازنہ ہے۔ پودے کو درست وقت پر پانی، دھوپ اور حفاظت نہ ملے تو وہ مرجھا جاتا ہے۔ اسی طرح بچوں کو بھی توجہ، محبت، حوصلہ اور رہنمائی نہ دی جائے تو ان کا ذہنی اور جذباتی نمو رک جاتا ہے۔محبت توجہ عزت رہنمائی آزادیٔ اظہار حوصلہ افزائی محفوظ ماحول یہ تمام عناصر بچے کی شخصیت اور نفسیات کی بنیاد تشکیل دیتے ہیں۔عمومی طور پر نفسیات کو ایک غیر ضروری یا ثانوی علم سمجھتا ہے، جس کا نقصان بچوں اور نوجوانوں میں ذہنی دباؤ، عدم اعتماد اور بگڑی ہوئی شخصیات کی شکل میں ہوتا ہے۔تعلیمی اداروں میں بھی بچوں کی حساسیت کو اکثر نظر انداز کیا جاتا ہے، جس کے باعث بہت سے بچے اعتماد کھو دیتے ہیں۔اپنے مسائل والدین یا اساتذہ سے شیئر نہیں کرتے۔خوف، ڈر، ڈپریشن یا ہیجان کا شکار ہوجاتے ہیں۔اس صورتحال میں استاد کا کردار انتہائی اہم ہوجاتا ہے۔ ایک استاد بچے کی ذہنی سطح، جذبات اور سیکھنے کی صلاحیت کو جتنا بہتر سمجھے گا، بچے کی شخصیت اتنی ہی مثبت انداز میں پروان چڑھے گی۔نفسیاتی ماہرین کے مطابق بچے کے لیے محبت وہ بنیادی غذا ہے جس کے بغیر اس کی ذہنی و جذباتی نشوونما ممکن نہیں۔سختی، ڈانٹ یا تلخ الفاظ نہ صرف بچے کے دل کو زخمی کرتے ہیں بلکہ اس کا اعتماد بھی ختم کر دیتے ہیں۔ خوف زدہ بچہ کبھی مضبوط اور پُراعتماد انسان نہیں بن سکتا۔اس کے برعکس محبت بھرے رویے، شفقت اور نرم لہجے میں سمجھایا گیا ایک جملہ بچے کے ذہن میں اعتماد کے روشن چراغ جلا دیتا ہے۔ہر بچہ چاہتا ہے کہ اس کی کوششوں کو سراہا جائے۔ معمولی سی تعریف یا استاد کی جانب سے ’’شاباش‘‘ بچے کی کارکردگی میں حیران کن مثبت تبدیلی پیدا کرتی ہے۔
تنقید، تقابل اور منفی جملے جیسے ’’تم کمزور ہو‘تم کچھ نہیں کر سکتے‘‘ایسے لفظ بچے کے اندر مایوسی اور احساسِ محرومی پیدا کرتے ہیں۔پیشہ ور اساتذہ ہمیشہ مثبت رویہ اختیار کرتے ہیں اور بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے حوصلہ افزائی کو بنیادی اصول بناتے ہیں۔ایک مضبوط معاشرہ صرف تعلیم سے نہیں بلکہ اچھے کردار کے حامل افراد سے بنتا ہے۔ جب استاد بچے کی نفسیات کو سمجھ کر تربیت کرتا ہے تو اس کے اخلاق، رویے اور سوچ میں مثبت تبدیلی آتی ہے۔
ایسا بچہ آگے چل کر نہ صرف ایک اچھا طالبِ علم ہوتا ہے بلکہ ایک باشعور شہری بھی بنتا ہے۔اگر تعلیمی اداروں میں بچے جسمانی یا اخلاقی طور پر محفوظ نہیں، تو معاشرے میں بگاڑ پیدا ہونا فطری ہے۔ اس لیے اساتذہ کو ذمہ داری کے ساتھ تربیت اور اخلاقی رہنمائی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔اساتذہ کا کردار رہنمائی، نہ کہ سختی۔ہر بچے کی نفسیات مختلف ہوتی ہے کچھ بچے تیزی سے سیکھتے ہیں۔کچھ آہستہ کچھ خاموش طبیعت رکھتے ہیں۔استاد کا فرض ہے کہ وہ ہر بچے کی نفسیاتی ضرورت کو سمجھے اور اس کے مطابق تربیت کرے۔ شاگرد استاد کے رویے سے زندگی بھر کے اسباق لیتا ہے، اس لیے شفقت، برداشت اور رہنمائی استاد کی بنیادی صفات ہونی چاہئیں۔گھر بچے کی پہلی درسگاہ ہے۔ والدین کی جانب سے غیر ضروری دباؤ، سختی اور تقابل بچے کی نفسیات کو مجروح کرتا ہے۔بچوں کو صرف نمبر نہیں، اخلاق، سمجھ، کردار اور عزت چاہیے۔بچوں کے لیے وقت نکالنا، ان کی بات سننا، اور ان کے احساسات کو سمجھنا والدین کی اولین ذمہ داری ہے۔ بچوں کی بہتر تربیت میں ہےاگر معاشرہ بچوں کو صرف علم دے گا، مگر محبت، رہنمائی اور نفسیاتی آسودگی نہیں دے گا، تو ہم صرف تعلیم یافتہ افراد ضرور پیدا کریں گے مگر باشعور انسان نہیں۔بچوں کو سمجھنا، سنبھالنا اور محبت سے پروان چڑھانا ہی ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔بچے کو کتاب نہیں، کردار دیں۔محبت نہیں، رہنمائی دیں۔حکم نہیں، اعتماد دیں۔بچے صرف آج کے نہیں۔وہ آنے والے کل کی امید اور بنیاد ہیں۔