November 17, 2026

سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)پرانا سکھر بینظیر بھٹو روڈ کے قریب واٹر سپلائی لائن دھماکے سے

IMG-20251126-WA0315(1)

سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)پرانا سکھر بینظیر بھٹو روڈ کے قریب واٹر سپلائی لائن دھماکے سے پھٹ گئی، علاقے میں شدید پانی بھرجانے سے شہری پریشان پرانا سکھر میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 26 نومبر 2025 کی صبح سویرے نمائش شاہراہ اور بینظیر بھٹو روڈ سے گزرنے والی مائیکرو کالونی کی یو سی 7 اور یو سی 9 کو پانی فراہم کرنے والی واٹر سپلائی لائن زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گئی۔ لائن ٹوٹنے کے باعث بینظیر بھٹو روڈ سمیت میرانی محلہ کی گلیاں اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔علاقے میں پانی کی بڑی مقدار گھروں، گلیوں اور سڑکوں میں داخل ہو گئی، جس کے باعث ہزاروں رہائشیوں، اسکول جانے والے بچوں اور بزرگ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔رہائشیوں کے مطابق مائیکرو کالونی کی اس نئی واٹر سپلائی لائن میں چند سال قبل ناقص معیار کے پائپ نصب کیے گئے تھے، جس کا افتتاح 2023 میں اس وقت کے ایم این اے نعمان شیخ اور ایم پی اے فرخ شاہ نے کیا تھا، تاہم لائن اُس وقت بھی مکمل طور پر فعال نہیں کی گئی تھی۔ 2025 میں جب لائن کو دوبارہ چلایا گیا تو وہ موٹر کے پریشر کو برداشت نہ کر سکی اور مختلف مقامات سے پھٹنا شروع ہو گئی، جس سے عوام کی زندگی اجیرن بن گئی۔علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اس اسکیم کے کروڑوں روپے ہڑپ کرنے والے ٹھیکیدار، اور مبینہ طور پر اس منصوبے کے ذمہ دار یو سی چیئرمین ممتاز اعوان اور اظہر اعوان ہی اس تباہی کے اصل ذمہ دار ہیں۔ شہریوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ ناقص کام، کرپشن اور غفلت کا سختی سے نوٹس لیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں شہریوں کو ایسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔