November 17, 2026

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سندھ ہائی کورٹ بار سکھر کا کارونجھر کیس کے خلاف

IMG-20251126-WA0304

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)سندھ ہائی کورٹ بار سکھر کا کارونجھر کیس کے خلاف وفاقی آئینی عدالت کی کارروائی کا بائیکاٹ، وکلاء کا احتجاجی مظاہرہ سندھ ہائی کورٹ بار سکھر نے وفاقی آئینی عدالت میں زیرِ سماعت کارونجھر کیس کے خلاف عدالتی کارروائی کا مکمل بائیکاٹ کرتے ہوئے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ احتجاج کے دوران سکھر ہائی کورٹ کے مین گیٹ کے باہر وکلاء نے کرسیاں رکھ کر دھرنا دے دیا، جبکہ عام شہریوں کو عدالتوں میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری سندھ ہائی کورٹ بار اچھر گبول نے کہا کہ “کارونجھر سندھ کا ورثہ، اثاثہ اور شناخت ہے، اس کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سندھ عوام قبول نہیں کریں گے۔”انہوں نے مزید کہا کہ سندھ ہائی کورٹ پہلے ہی کارونجھر کے حق میں فیصلہ دے چکی ہے، جس کے خلاف سندھ حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، اس لیے اس معاملے کی سماعت وفاقی آئینی عدالت میں کرنا غیر مناسب ہے۔وکلاء رہنماؤں نے کہا کہ وکلاء برادری 27ویں آئینی ترمیم کو تسلیم نہیں کرتی، اور مطالبہ کرتی ہے کہ کارونجھر سے متعلق مقدمہ وفاقی آئینی عدالت میں منتقل کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔ ان کے مطابق کارونجھر سندھ کی تہذیب اور سرزمین کی پہچان ہے، لہٰذا سندھ حکومت کو چاہیے کہ وہ یہ کیس فوری طور پر واپس لے۔احتجاج کے دوران وکلاء نے ڈسٹرکٹ بار سکھر سے سکھر پریس کلب تک احتجاجی ریلی بھی نکالی۔ ریلی کی قیادت ڈسٹرکٹ بار کے صدر علی احمد، جنرل سیکرٹری ذوالفقار ملانو، سندھ ہائی کورٹ بار کے جنرل سیکرٹری اچھر گبول اور الٰہی بخش انیل بھٹی نے کی۔
ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کارونجھر کے تحفظ اور عدالتی فیصلے کے احترام کے مطالبات درج تھے۔وکلاء نے اعلان کیا کہ جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے، احتجاج اور بائیکاٹ کا سلسلہ جاری رہے گا۔