خیرپور/ سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، شہید ذوالفقار علی بھٹو کیمپس خیرپور میں 21ویں بیچ کے آخری سال کے طلبہ نے اپنے جدید، تخلیقی اور
خیرپور/ سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، شہید ذوالفقار علی بھٹو کیمپس خیرپور میں 21ویں بیچ کے آخری سال کے طلبہ نے اپنے جدید، تخلیقی اور ٹیکنالوجی سے متعلق پروجیکٹس کی شاندار نمائش کی۔ تقریب کا افتتاح کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی اور کیمپس کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر در محمد پٹھان نے مشترکہ طور پر کیا۔تقریب میں طلبہ، اساتذہ، انجینئرنگ کے مختلف شعبوں کے ماہرین، اور سرکاری و نجی اداروں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ طلبہ نے اپنے اپنے شعبوں سے متعلق جدید سائنسی، تخلیقی اور سماجی ضرورتوں پر مبنی پروجیکٹس پیش کیے، جنہیں شرکاء کی جانب سے خوب سراہا گیا۔کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مہران یونیورسٹی کے طلبہ کی محنت اور صلاحیتوں پر فخر ہے۔ آج پیش کیے گئے پروجیکٹس نہ صرف ٹیکنالوجی کے میدان میں نئے امکانات کی نشاندہی کرتے ہیں بلکہ نوجوانوں کی قابلیت کا منہ بولتا ثبوت بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جدید دور میں انجینئرنگ ترقی یافتہ قوموں کا بنیادی ستون ہے اور یہاں کے طلبہ میں یہ صلاحیتیں نمایاں طور پر دکھائی دیتی ہیں۔ انہوں نے تعلیم، تحقیق اور عملی کام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت انجینئرنگ کے شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے طلبہ کی بھرپور معاونت جاری رکھے گی۔پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر در محمد پٹھان نے کہا کہ 21ویں بیچ کے طلبہ ہمارے کیمپس کے وقار کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے جدید ٹیکنالوجی پر کام کرتے ہوئے اعلیٰ معیار کے نتائج پیش کیے ہیں۔ ہمارا مقصد نوجوانوں کو عالمی معیار کی انجینئرنگ تعلیم فراہم کرنا اور انہیں ملکی صنعتوں سے جوڑنا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ کیمپس میں تحقیق، لیبارٹریز، جدید آلات اور فیکلٹی کی بہتری کے لیے مضبوط پالیسیاں تیار کی جا رہی ہیں تاکہ طلبہ بین الاقوامی سطح پر بھرپور مقابلہ کرسکیں۔نمائش میں الیکٹریکل انجینئرنگ، سول انجینئرنگ، الیکٹرانکس، سافٹ ویئر انجینئرنگ، پیٹرولیم اینڈ نیچرل گیس اور مکینیکل انجینئرنگ سے متعلق شاندار پروجیکٹس پیش کیے گئے۔ معزز مہمانوں نے ہر اسٹال پر جاکر طلبہ سے تفصیلات معلوم کیں، انہیں سراہا اور مستقبل میں ان کے منصوبوں کو عملی شکل دینے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔تقریب کے اختتام پر مہران یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔