November 17, 2026

سکھر (بیورورپورٹ۔۔سید نصیر حسین زیدی)۔ نامور شاعر عبدالرّحیم عزّمی نے کہا ہے کہ تنویر عباسی کی شاعری میں حسن کے بے شمار رنگ جھلکتے ہیں۔ تنویر

IMG-20251125-WA0408

سکھر (بیورورپورٹ۔۔سید نصیر حسین زیدی)۔ نامور شاعر عبدالرّحیم عزّمی نے کہا ہے کہ تنویر عباسی کی شاعری میں حسن کے بے شمار رنگ جھلکتے ہیں۔ تنویر عباسی جمالیات کے ایسے شاعر تھے جن کے کلام میں سندھ کی محبت، فطری مناظر اور ثقافتی رنگ پوری دلکشی کے ساتھ محسوس کیے جاسکتے ہیں۔ وہ پنوعاقل میں عزّمی ادبی اصلاحی فورم کی جانب سے منعقدہ تنویر عباسی کی 26ویں برسی کی تقریب سے صدارتی خطاب کر رہے تھے۔عبدالرّحیم عزّمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تنویر عباسی کی شخصیت سندھی ادب کے لیے روشن سورج کی مانند تھی، جنہوں نے اپنی علمی، فکری اور ادبی خدمات سے نئی نسل کو ہمیشہ متاثر کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف ادیبوں اور شاعروں اسد چاچڑ، امداد جسکاڻي، نجم نماڻي انڍڑ، اياز سميجو، عزيز پنوي، مجيب الرحمان ڀٽو اور بلاول عالماڻي چيو نے کہا کہ تنویر عباسی کا فکری جہان اندھیروں میں روشنی کی مانند ہے۔ وہ ایک اعلیٰ نقاد، عالم، شاعر، محقق، مترجم، لطیفیات کے ماہر اور سچل شناس تھے۔ ان کی علمی بصیرت اور ادبی کاوشیں آج بھی نئی نسل کے لکھاریوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔مقررین کا کہنا تھا کہ تنویر عباسی وہ شاعر تھے جنہوں نے شاعری میں نئے رجحانات متعارف کرائے۔ آج بھی نوجوان شعراء ان کی تخلیقات سے رہنمائی اور حوصلہ حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تنویر عباسی کا نام سندھی ادب کی تاریخ میں ہمیشہ زندہ و تابندہ رہے گا، کیونکہ ان کا فن اور فکر وقت کی حدوں سے ماورا ہے۔تقریب کے اختتام پر تنویر عباسی کی ادبی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے فن پر تحقیقی مقالات بھی پیش کیے گئے۔