November 17, 2026

میر معصوم شاہ لائبریری میں مبینہ کرپشن، سولر سسٹم کا سامان غائب ریڈرز فورم کا انچارج اویس چنہ کو ہٹانے کا مطالبہ

Screenshot_2025-11-24_135057

میر معصوم شاہ لائبریری میں مبینہ کرپشن، سولر سسٹم کا سامان غائب
ریڈرز فورم کا انچارج اویس چنہ کو ہٹانے کا مطالبہ

سکھر (بیورورپورٹ) میر معصوم شاہ لائبریری سکھر میں سولر سسٹم کے قیمتی سامان کے غائب ہونے کا معاملہ سنگین صورت اختیار کر گیا ہے۔ لائبریری کے انچارج اویس چنہ پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر کرپشن کرتے ہوئے سولر سسٹم کے دو سے تین سولر پینلز اور ایک بیٹری غائب کر دی ہے، جبکہ ضلعی و میونسپل انتظامیہ تاحال اس اہم مسئلے پر کوئی واضح اور مؤثر کارروائی نہیں کر سکی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے لائبریری میں سولر سسٹم کی بحالی سے متعلق جو فیصلہ دیا تھا، اس پر عملدرآمد کو تین سال گزر چکے ہیں۔ کروڑوں روپے کی لاگت سے نصب کیا گیا سولر سسٹم آج تک مکمل طور پر فعال نہیں ہو سکا ہے۔ سامان کی گمشدگی اور انتظامیہ کی خاموشی کے باعث شہریوں، کتاب دوست حلقوں اور مطالعہ کو فروغ دینے والی تنظیموں میں شدید تشويش پیدا ہو گئی ہے۔ریڈرز فورم، میر معصوم شاہ لائبریری سکھر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لائبریری انچارج اویس چنہ پر لگائے گئے مبینہ کرپشن کے الزامات کی روشنی میں انہیں فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے تاکہ شفاف اور غیر جانبدار انکوائری ممکن ہو سکے۔ فورم نے مطالبہ کیا ہے کہ گمشدہ سولر سسٹم کا سامان جلد از جلد برآمد کیا جائے اور پورے نظام کی مکمل بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں، تاکہ لائبریری ایک مرتبہ پھر اپنی اصل تعلیمی و تحقیقی خدمات کا تسلسل برقرار رکھ سکے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ لائبریری جیسے اہم تعلیمی اور ثقافتی ادارے میں کرپشن جیسے واقعات انتظامی بدحالی کی نشاندہی کرتے ہیں، جو نہ صرف ادارے کی ساکھ کو متاثر کرتے ہیں بلکہ مطالعے کے کلچر کو فروغ دینے کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔ شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر معاملے پر فوری اقدامات نہ کئے گئے تو لائبریری کی کارکردگی مزید متاثر ہو سکتی ہے۔