سکھر: بیٹری پھٹنے سے گھر میں آگ، 35 سالہ آصف علی بروہی جھلس کر جاں بحق
سکھر: بیٹری پھٹنے سے گھر میں آگ، 35 سالہ آصف علی بروہی جھلس کر جاں بحق
سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی) نیو پنڈ انصاری محلہ میں افسوسناک واقعہ، گھر میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 35 سالہ آصف علی بروہی جھلس کر جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی ایمبولینس اور فائر بریگیڈ سکھر فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق گھر میں آگ بیٹری کے زیادہ چارج ہوجانے کے بعد اچانک پھٹنے سے لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے کمرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ شدید آگ کے سبب آصف علی بروہی بری طرح جھلس گیا اور جانبر نہ ہوسکا۔ایدھی سروس کے عملے نے مرنے والے کی لاش کو سول اسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش کو ایدھی سینٹر سکھر لایا گیا۔ ایدھی عملے نے ورثاء کی نگرانی میں مرحوم کو غسل و کفن کرایا، جس کے بعد اسے نواں گوٹھ قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔فائر بریگیڈ ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر مکمل قابو پالیا، جس کی بدولت مزید جانی و مالی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوسکا۔ اہلِ علاقہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں میں بیٹریوں اور الیکٹرونک آلات کے محفوظ استعمال سے متعلق آگاہی پیدا کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جاسکے۔