November 17, 2026

کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی کا دورہ سول اسپتال سکھر کمشنر سکھر کی سول اسپتال کے نئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹٹ سے ملاقات اور اسپتال کی بہتری کے امور پر تبادلہ خیالات

IMG-20251125-WA0295

کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی کا دورہ سول اسپتال سکھر
کمشنر سکھر کی سول اسپتال کے نئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹٹ سے ملاقات اور اسپتال کی بہتری کے امور پر تبادلہ خیالات

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی) کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے سول اسپتال سکھر کا دورہ کیا اور اسپتال کا چارج لینے والے نئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹٹ ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ملاقات میں اسپتال اور مریضوں کے علاج معالجے کی بہتری کے امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ اس موقع پر پرنسپل غلام محمد مہر میڈیکل کالج سکھر ڈاکٹر محمد صالح چنہ، اسسٹنٹ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول اسپتال ڈاکٹر زاہد ملک، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ سول اسپتال سکھر رضا حسین، فارماسسٹ اسپتال عبدالاحد اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کمشنر سکھر نے کہا کہ شعبہ طب کی بہتری کے لیے دیانتدارانہ ذمہ داریاں انجام دینا بہت بڑی خدمت کا کام ہے، ہمیں اسپتال اور نادار مریضوں کی خدمت کے لیے بے لوث ہو کر مل کر کام کرنا ہوگا۔ کمشنر سکھر نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو سکھر بشریٰ منصور کو سول اسپتال کے امور میں بہتری لانے کے لیے اسپتال انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہنے کے لیے نامزد کیا گیا ہے، خامیوں سمیت جو بھی مسائل ہونگے، انہیں دور کرنا ہوگا، اسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات کو بہتر سے بہتر بنانا ہوگا۔ملاقات کے دوران کمشنر سکھر نے کہا کہ جب آپ اپنا کام بہتر طور پر سر انجام دیتے ہیں اور لوگوں کا آپ پر اعتماد قائم ہوتا ہے تو اس میں کوئی شائبہ نہیں کہ عوامی فلاحی اداروں کے لیے سرکار سے ملنے والی معمول کی فنڈنگ کے علاوہ آپ کو مخیر حضرات بھی دل کھول کر تعاون کریں، انہوں نے عندیہ دیا کہ اسپتال کے کچھ شعبوں کی بہتری یا بعض شعبوں کو ایڈاپٹ کرنے کے لیے رابطہ کرنے پر بعض مخیر حضرات اپنا تعاون فراہم کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹٹ ڈاکٹر احمد مجتبیٰ نے کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی کو نئی ذمہ داری کو بطریق احسن نبھانے کی یقین دھانی کراتے ہوئے اسپتال کے بعض مسائل پر ان کی توجہ مبذول کرائی، جن میں ٹریفک اشو، اسپتال کی بلا تعطل بجلی کے لیے سیپکو سے ایکسپریس فیڈر کی فراہمی، صفائی اور اطراف میں لائٹنگ اشوز شامل ہیں، جس پر کمشنر سکھر نے مذکورہ تمام اشوز کے جلد حل کے لیے متعلقہ محکموں کے سربراہان سے فوری بات چیت کرنے کی یقین دھانی کرائی۔

ملاقات میں اسپتال کی بہتری کے دیگر مختلف پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی گئی، جن میں ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین مشینری کی فوری فعالیت، ادویات کے تین مختلف ویئر ہاؤسز کو یکجا کر کے ایک ہی جگہ کرنا، ایمرجنسی کے مریضوں کی شعبہ ایمرجنسی تک اسٹریچر کے بجائے براہ راست رسائی کے لیے چھوٹی ایمبولنس کی فراہمی، انسنریٹرز، اسپتال کے اطراف اور اندرون اسپتال مختلف پوائنٹس پر ٹریفک مسائل کے حل کے لیے ٹائر برسٹ اور زنجیروں کی تنصیب، ملک کے بعض نجی اسپتالوں کے طرز پر موجود ادویات کے ریکارڈ اور لوکل پرچیز کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس بیسڈ نظام متعارف کرانا بھی شامل تھے.