*اللہ تعالیٰ کے راستے کے عجیب و غریب واقعات*
*اللہ تعالیٰ کے راستے کے عجیب و غریب واقعات*
متحدہ عرب امارات سے ایک جماعت چالیس دن کی تبلیغ کے لیے روس گئی۔ جس مسجد میں ان کی تشکیل ہوئی، اس کا قفل زنگ آلود تھا۔ جب مسجد کھولی گئی تو پوری مسجد مٹی اور گرد سے بھری ہوئی تھی۔ جماعت کے ساتھیوں نے مکمل صفائی کی۔ نماز کا وقت ہوا تو ایک بڑھیا تیز قدموں سے چلتے ہوئے مسجد کی دہلیز پر پہنچی اور حیرت سے جماعت کو تکنے لگی۔ وہ اردگرد کا معائنہ کرتی رہی۔
پوچھنے پر اس نے بتایا کہ میں یہی پڑوس میں رہتی ہوں، ستر سال ہوگئے ہیں، کبھی کسی کو اس مسجد میں آتے نہ دیکھا۔ جو کام آج تم لوگ کر رہے ہو، یہی میرے باپ دادا کیا کرتے تھے، لیکن ان کے بعد سب بدلتا گیا۔
یہ سن کر جماعت کے افراد رونے لگے کہ ہم نے آنے میں بہت دیر کر دی۔
اگلے دن یہ لوگ محلے میں گھر گھر اور دکان دکان گئے اور ان لوگوں کو اسلام کی دعوت دی جو لاعلمی کی وجہ سے مرتد ہوچکے تھے۔ انہیں دوبارہ مسلمان کیا اور مسجد لائے۔ چند ہفتوں میں پورے محلے میں دین کی لہر دوڑ گئی، جیسے اسلام ان کے لیے نیا مذہب ہو۔
کچھ دن بعد محلے والوں نے 500 گز کی قالین بچھا کر سب کو جمع کیا اور جماعت سے دین سیکھا۔ مزید محنت کرنے کی تاکید کی۔ جب جماعت کے چالیس دن مکمل ہوئے تو رخصتی کے وقت پورا محلہ غم سے بھر گیا، جیسے کوئی عزیز فوت ہوگیا ہو۔
لوگ کہنے لگے: آپ کہاں جا رہے ہیں؟ کیا آپ کو دکانیں چاہئیں؟ مکان چاہئے؟ عورتیں چاہئیں؟ دکان اور مکان ہمارا ذمہ ہے، ہم اپنی بیٹیوں کے نکاح تک کے لیے تیار ہیں، بس ہمارے ساتھ رہیں اور ہماری رہنمائی کریں۔
جماعت نے اپنی ترتیب بتائی مگر وہ ماننے کو تیار نہ تھے۔ آخر کار بات طے ہوئی کہ جماعت والے جاتے ہی اپنے مرکز میں اگلی جماعت بھیجنے کی درخواست کریں گے۔ پھر یہ جماعت اللہ کی راہ سے واپس لوٹ آئی۔
امریکہ کے تقریباً 52 صوبوں کے لوگ جب رائیونڈ اجتماع میں آئے تو انہوں نے درخواست کی کہ ہر صوبے کے لیے ایک الگ جماعت ضرور بھیجی جائے تاکہ اسلام کی دعوت گھر گھر پہنچ سکے۔
ایک جماعت امریکہ گئی۔ دو افراد ایک شخص کے پاس دین کی غرض سے پہنچے تو اس نے ایک کی گردن پکڑ کر کہا: “میرے ماں باپ بغیر کلمہ پڑھے مر گئے، اس کے ذمہ دار تم لوگ ہو! تم نے بہت دیر کردی۔ قیامت کے دن میں تم سے حساب لوں گا۔”
پھر غصہ ٹھنڈا ہونے پر بتایا کہ چند ماہ قبل آئی جماعت کی وجہ سے وہ اسلام قبول کر چکا ہے، اور اسے دکھ ہے کہ اس کے والدین اس نعمت سے محروم رہ گئے۔
فلپائن میں 400 سال پہلے 100 فیصد لوگ مسلمان تھے، لیکن دین سے دوری نے انہیں بتدریج اسلام سے غافل کر دیا، بہت سے لوگ مرتد ہوگئے۔ جب 1976 میں رائیونڈ سے پہلی جماعت گئی تو 7 افراد اس کام میں لگ گئے۔ 1993 تک ایک لاکھ فلپائینی دعوت کے کام پر لگ چکے تھے۔
بنگلہ دیش اجتماع میں ایک فرانسیسی شخص ممبر پر آیا اور بولا: “ہم نے تمہیں اپنی چھوٹی سے چھوٹی ایجادات تک پہنچائیں، مگر تم لوگوں نے ہمارا سب سے بڑا حق — کلمہ — ہمارے اجداد تک نہ پہنچایا۔ اس کا حساب اللہ لے گا!”
چند سال پہلے تنزانیہ میں ایک جماعت گئی۔ چند ماہ بعد ان کا خط آیا: “یہاں دین کی ایسی پیاس ہے کہ ایک دن میں تین ہزار لوگ مسلمان ہوگئے!” سال کے آخر میں بتایا گیا کہ ایک سال میں بیس ہزار افراد مسلمان ہوئے۔
انگلینڈ میں 1952 میں جب پہلی جماعت گئی تو صرف دو مساجد تھیں۔ آج 1500 ہیں، جن میں 100 سابقہ گرجا گھر ہیں۔ جب ایک گرجا گھر خریدنے میں ہندو مقابلہ لے آیا تو مسلمان عورتوں نے اپنے زیور بیچ کر قیمت ادا کی اور گرجا گھر کو مسجد بنا دیا۔ گرجا گھروں کی جگہ مسجدیں بننے پر حکومت نے پابندی بھی لگائی۔
یوگوسلاویہ میں پہلی جماعت کو مسجد نہ ملنے کے باعث ہوٹل میں رہنا پڑا، آج وہاں 3500 مساجد آباد ہیں۔
ہالینڈ کا موجودہ تبلیغی مرکز پہلے پادریوں کا مدرسہ تھا۔ لندن کا موجودہ مرکز بھی سابقہ گرجا گھر تھا۔ کینیڈا کا بڑا پادری مدرسہ آج قرآن و حدیث کا مرکز ہے۔
فلپائن سے ایک جماعت کیوبا گئی۔ ان کی محنت سے 3000 مرتد مسلمان ہوئے اور 30 مزید افراد نے اسلام قبول کیا۔ جب جماعت واپس آئی تو کیوبا کے لوگ زاروقطار رونے لگے اور التجا کی کہ “ہمارے بھائیو کو کہنا کہ ہمیں کبھی نہ بھولیں، ہماری نسلوں کے ایمان کے تحفظ کے لیے آتے رہیں۔”
فلپائن میں عورتوں کی ایک جماعت گئی۔ ان کا بیان سن کر 60 خواتین نے وہیں برقعے منگوائے اور پردے کے ساتھ گھروں کو لوٹیں۔ انہوں نے اپنے بچوں کو دین سیکھنے کے لیے رائیونڈ بھیجا۔ جب رش کے باعث بچوں کو واپس کرنے کی بات ہوئی تو فلپائینی خواتین نے لکھا: “ہم نے اپنے زیور بیچ کر بچوں کو بھیجا ہے، خدا کے لیے انہیں واپس نہ کریں، ورنہ یہ کبھی دین نہ سیکھ سکیں گے۔”