فاؤنڈیشن فار سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ اینڈ انوویشن کی جانب سے غریبوں کے لیے ایمرجنسی کارنر کا افتتاح العباس میڈیکل سینٹر عمرکوٹ میں افتتاحی تقریب، تعلیم و صحت سمیت مختلف شعبوں میں خدمات جاری رکھنے کا عزم
فاؤنڈیشن فار سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ اینڈ انوویشن کی جانب سے غریبوں کے لیے ایمرجنسی کارنر کا افتتاح العباس میڈیکل سینٹر عمرکوٹ میں افتتاحی تقریب، تعلیم و صحت سمیت مختلف شعبوں میں خدمات جاری رکھنے کا عزم
عمرکوٹ ( نامہ نگار ) عمرکوٹ میں فاؤنڈیشن فار سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ اینڈ انوویشن کے تعاون سے العباس میڈیکل سینٹر میں غریب اور مستحق مریضوں کے لیے ایمرجنسی کارنر کا افتتاح کیا گیا، جس کے بعد ایک پروقار افتتاحی تقریب کا انعقاد بھی ہوا۔ تقریب میں سی ای او انجینئر محمد مشتاق راتھوڑ، معروف ادیب اور سماجی رہنما پروفیسر عبدالرؤف سومرو، ڈاکٹر انور علی کوٹڑیو، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر منظور کنبھر، سول سوسائٹی کے اراکین اور العباس میڈیکل سینٹر کا عملہ بڑی تعداد میں شریک ہوا۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ادارہ سندھ کے دیہاتوں اور غریب عوام کے لیے تعلیم، صحت، ماحولیاتی تبدیلی، یوتھ ایمپاورمنٹ اور واش کے شعبہ میں سرگرمی سے کام کر رہا ہے۔ موجودہ معاشی حالات میں ہر شخص مشکلات کا شکار ہے، ایسے میں مستحق افراد کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا بہت بڑی خدمت ہے۔ پروفیسر عبدالرؤف سومرو نے اپنے خطاب میں کہا کہ ادارے تبھی ترقی کرتے ہیں جب ان کے ساتھ حساس دل رکھنے والے لوگ جُڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کا غریب انسان علاج نہ ملنے کی وجہ سے یا تو معذور ہوجاتا ہے یا زندگی کی جنگ ہار بیٹھتا ہے، ایسے حالات میں یہ قدم بڑی مدد ثابت ہوگا۔ڈاکٹر انور علی کوٹڑیو نے بتایا کہ تنظیم گزشتہ چھ ماہ سے تعلیم، صحت اور دیگر سماجی مسائل پر آگاہی پروگرام منعقد کر کے مستحق افراد کے لیے خدمات انجام دے رہی ہے۔ جبکہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر منظور کنبھر نے کہا کہ مستحق مریضوں کے لیے ایک رجسٹریشن فارم رکھا گیا ہے، جس کی بنیاد پر ان مریضوں کو پچاس فیصد رعایت فراہم کی جائے گی۔تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے ادارے کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسی فلاحی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔