November 17, 2026

درحقیقت خالدنجیب خان اور یہ ہے اب ہمارا دستور۔۔ ۔ 27 ترامیم کے بعد بھی کیا 73ء کا متفقہ دستور قائم ہے

Screenshot_2025-11-23_013435

درحقیقت
خالدنجیب خان
اور یہ ہے اب ہمارا دستور۔۔ ۔
27 ترامیم کے بعد بھی کیا 73ء کا متفقہ دستور قائم ہے
چند روز پہلے جب یوم سیاہ کے حوالے سے مضمون لکھا تو ذہن کے کسی گوشے میں یہ گمان نہیں تھا کہ چند روز بعد ہی پاکستان کی تاریخ کا تاریک ترین دن بھی دیکھنا پڑے گا۔اس مضمون میں تو جن ایام سیاہ کا ذکر کیا گیا تھا وہ سیاسی جماعتوں کے حوالے سے ہی تھا مگر مملکت کے حوالے سے سیاہ دن کا تذکرہ صرف اس لیے نہیں کیا تھا کہ قاری سنجیدہ یا رنجیدہ نہ ہو جائے۔حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تو 16 دسمبر1971ء ہے جب آدھا پاکستان، پاکستان نہ رہا تھا۔بچ جانے والے آدھے پاکستان کو سمیٹ کر چند عظیم لوگوں نے اگلے چند سالوں میں ایک متفقہ آئین دیا تو پاکستانی قوم کچھ دیر کے لئے اپنا پرانا غم بالکل ویسے ہی بھول گئی جیسے گھر میں کسی کی وفات کے کچھ عرصے کے بعد گھر میں کوئی خوشی کا موقع آجائے تو اس خوشی کو منانے کے لئے دانستہ طور پر پرانے غم کو بھلا دیا جاتا ہے۔پاکستان کو وہ بڑا غم دینے والے عناصر کون سےتھے،ہمارے آج کے مضمون کا موضوع نہیں ہے،بلکہوہ دستور ہے جسے کو پاکستان کے چند لوگوں نے مل کر اپنا غلام بنالیا ہے ۔
دستورِ پاکستان 23 مارچ 1973ء کو پاس ہوا مگر اُس کے بعد اِسے ہر موقع پر فیل کرنے کی بھرپورکوشش کی جاتی رہی ہے ۔ کئی مرتبہ اِس کو آمروں نے اپنی دانست میں محفوظ کیا مگر حقیقت میں اپنی جیب یا الماری میں محفوظ کیا۔عجیب اتفاق ہے کہ گزشتہ 51 سالوں میں دستور پاکستان 27 ترامیم کی گئی ہیں گویا تقریباً ہر دوسال بعد ایک ترمیم کی گئی ہے۔
پہلی ترمیم 1974ءمیں کی گئی جس کے ذریعے پاکستان کی بین الاقوامی اور عارضی سرحدیں دوبارہ وضع کی گئیں۔اُس وقت تک پاکستان نے بنگلہ دیش کو قانوناً تسلیم کرلیا تھا ،اِس لئے دستور پاکستان میں سے “مشرقی پاکستان” (East Pakistan) کے حوالے ہٹادئیے گیے۔اِس کے علاوہ مختلف آرٹیکلز (جیسے آرٹیکل 1, 8, 17، وغیرہ) میں ترامیم کی گئیں۔
دوسری ترمیم دو سال بعدنہیں کی گئی بلکہ 1974ء میں ہی کی گئی کیونکہ قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دیا جاچکا تھا اور اِس کے حوالے سے دستور میں ترمیم بے حد ضروری تھی ۔اِس ترمیم کی بدولت “مسلم” اور “غیر مسلم” کی قانونی تعریف تبدیل ہوئی۔ اس ترمیم نے ہی قومی شناختی کارڈ (NIC) نظام کے لیے بنیاد فراہم کی اور شہریوں کا مرکزی ڈیٹا ریکارڈ کرنا قانونی بنایا۔
تیسری ترمیم کے ذریعے اس لئے کی گئی کہ ریاست کو اضطراری صورتِ حال میں زیادہ وقت دینے کی ضرورت تھی اسلئے “روک تھام پر مبنی حراست” (preventive detention) کی مدت بڑھا کر ایک ماہ سے تین ماہ کردی گئی تاکہ ریاست دشمن عناصر کی بنیاد پر چھان بین کی جا سکے۔
چوتھی ترمیم 1975ءمیںپارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتوں (مذہبی اور دیگر) کی نمائندگی بڑھانے کے حوالے سے کی گئی ۔اِس کے علاوہ عدلیہ کو بعض صورتوں میں جرم ثابت ہونے تک ضمانت دینے کی طاقت محدود کی گئی، خصوصاً preventive detention کیسز میں۔
پانچویں ترمیم 1976ء میں آئی جس میں ہائی کورٹس کی حقوق پر پابندیاں بڑھائی گئیں، تاکہ بعض مواقع پر عدالتیں بنیادی حقوق کے استعمال کو محدود کرسکیں۔ اس کے علاوہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے بعض اختیارات پر بھی نظر ثانی کی گئی۔
چھٹی ترمیم بھی 1976ءمیں ہی لائی گئی جس میں ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمرِ متعین کی گئی ۔اس ترمیم کے بعد سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی عمر 65 سال اور ہائی کورٹ کے ججوں کی عمر 62 سال مقرر کی گئی۔
ساتویں ترمیم 1977ء میں کی گئی اور اس کے تحت وزیراعظم پاکستان کو ریفرنڈم (عوامی رائے شماری) منعقد کرنے کی اجازت دی گئی، تاکہ وہ اپنے اقتدار کے لیے عوام کی حمایت ثابت کر سکیں۔ اس سے یہ امکان پیدا ہوگیا کہ اگر وزیراعظم کو پارلیمنٹ میں اعتماد حاصل نہ ہو تو وہ عوام سے رجوع کرے۔
آٹھویں ترمیم 1985ء میں جنرل ضیاء الحق کے دور میں لائی گئی۔ اس ترمیم نے صدر کو اختیارات دئیے کہ وہ آرٹیکل 58 ۔ 2 بی کے تحت قومی اسمبلی تحلیل کرسکتا ہے۔ اِس کے نتیجے میں صدر کی طاقت بہت بڑھ گئی اور جمہوری نظام پر صدر کا اثر زیادہ ہوگیا۔اِس کے علاوہ بعض عدالتی اور پارلیمانی آرٹیکلز میں بھی تبدیلی کی گئی تاکہ صدر کو یہ اختیار مل سکے۔
نویںترمیم بل کی صورت میں 1985ء میںپیش کی گئی۔ اِس ترمیم کا مقصد اسلامی شریعت کو سپریم قانون کے طور پر آئین میں شامل کرنا تھا۔اِس میںآرٹیکل 2 میں”اسلام کے احکامات جیسا کہ قرآن و سنت ہیں، قانون سازی اور پالیسی سازی کے لئے رہنمائی کا ذریعہ ہوں گے” کی شق ڈالنے کی تجویز دی گئی تھی لیکن یہ ترمیم نا مکمل رہی ۔یہ ترمیم سینیٹ میں منظور تو ہوئی مگر قومی اسمبلی تحلیل ہونے کی وجہ سے بل واپس ہو گیا۔
دسویں آئینی ترمیم1987ء میںقومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں کے دوران وقفے کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے لائی گئی ۔اِس کے لئے آئین کے آرٹیکل 54 اور 61 میں تبدیلی کی گئی۔ اجلاسوں کے وقفے کی زیادہ سے زیادہ مدت 160 دن سے کم کرکے 130 دن کی گئی۔
گیارہویں ترمیم1989ء میں پیش کی گئی جوخواتین کی مخصوص نشستوں سے متعلق تھی،اُس بل میں تجویز کیا گیا تھا کہ قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں کی تعداد 20 کی جائےمگر یہ ترمیم بھی مکمل نہ ہوسکی تھی کیونکہ یہ بل بعد میں واپس لے لیا گیا تھا۔
بارہویں ترمیم1991ء میں لائی گئیجس کے ذریعے خصوصی عدالتیں قائم کرنے کی تجویز دی گئی گئی تھی تاکہ خطرناک جرائم کے حوالے سے تیز تر مقدمہ چلایا جاسکے – نئے آرٹیکل 212-B کو آئین میں شامل کیا گیا، جو وفاقی حکومت کو خصوصی عدالتیں بنانے کی اجازت دیتا ہے۔یہ ترمیم صرف تین سال کے لیے نافذ العمل رہی ۔
تیرہویں ترمیم1997ءمیںصدر کے اختیارات کم کرنے کے حوالے سے پیش کی گئی اور اِس میں آئین کے آرٹیکل 58۔2بی کو ختم کردیا گیا، جس کے نتیجے میں صدر کے پاس قومی اسمبلی تحلیل کرنے اور وزیر اعظم کو ہٹانے کا اختیار ختم ہو گیا۔ اِس سے پاکستان کا نظام پارلیمانی جمہوریت کی طرف مضبوط ہوگیا۔
چودہویں ترمیم بھی جماعتی سیاست اور پارلیمانی انتظام کے حوالے سے1997ء میں ہی ہوئی۔ اِس میں پارٹی نظم کو مضبوط کرنے کی شقیں شامل کی گئیں یعنی پارلیمانی ارکان کو پارٹی لائن پر لانے کی کوشش کی گئی۔ یہ ترمیم پارٹی کے فیصلے کے خلاف جا کر ووٹ نہ ڈالنے کے حوالے سے تھی اور اگر کوئی رکن اسمبلی پارٹی ڈسپلن کے خلاف ووٹ کاسٹ کرے تو اُس کی رکنیت ختم ہو سکتی ہے ۔ایسا اس لئے کیا گیا کہ پارلیمانی جماعتیں زیادہ مستحکم ہوں۔
پندرہویں ترمیم1998ءمیں پیش کی گئی جس میں یہ تجویز تھی کہ قرآن و سنت کو سپریم قانون بنایا جائے۔شریعت کو آئین میں مرکزی حیثیت دے دی جائے۔ مگر یہ بل کبھی مکمل طور پر پاس نہ ہوا۔
سولہویں ترمیم 1999ءمیںکوٹہ سسٹم سے متعلق تھی کہ نوکریوں اور دیگر معاملات میں کوٹہ کا نظام “20 سال” کے بعد بڑھ کر “40 سال” تک رہے۔
سترہویں ترمیم2003ء میںصدر پرویز مشرف کے دور میں لائی گئی اور مشرف کے قانونی فریم ورک آرڈرLFO کے بہت سے عناصر آئین میں شامل کیے گئے۔ صدر کو دوبارہ کچھ خصوصی اختیارات دئیے گئے، مثلاً اسمبلی تحلیل کرنے اور مضبوط ایگزیکٹو اختیارات۔اس ترمیم سے 13ویں ترمیم کے اثرات جزوی طور پر واپس آگئے، یعنی صدر کی مداخلت کی طاقت کچھ بحال کی گئی۔
اٹھارویں ترمیم 2010ء میں لائی گئی جو ایک بہت بڑی اصلاح تھی۔ اِس ترمیم نے صدر کے اختیارات کو نمایاں حد تک کم کیا، خصوصاًاُن اختیارات کو جن کی بدولت صدر پارلیمنٹ تحلیل کر سکتا تھا۔اِس کے علاوہ صوبائی خود مختاری میں اضافہ کیا گیا، صوبوں کو زیادہ انتظامی اور مالی اختیارات دئیے گئے۔شمال مغربی سرحدی صوبہ کا نام تبدیل کرکے صوبہ خیبر پختونخواہ رکھا گیا۔ کچھ نئے بنیادی حقوق متعارف کروائے گئے، جیسے”انصاف کا حق”(آرٹیکل 10A)،”رائے تک رسائی کا حق” (آرٹیکل 19A) اور”تعلیم کا حق” (آرٹیکل 25A)۔ مشترکہ (کنکرنٹ) لسٹ ختم کرکے بہت سے معاملات جو پہلے وفاق اور صوبے دونوں متعین کرتے تھے، صوبوں کے اختیار میں آ گئے۔لوکل گورنمنٹس کو مضبوط بنانے کے لیے، آرٹیکل 140A شامل کیا گیا، تاکہ صوبے منتخب نمائندوں کو سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات تفویض کریں۔
انیسویں ترمیم 2010 / 2011ء میں پیش کی گئی جواعلیٰ عدالتوںمیں‌ ججوں کی تقرری کے عمل میں تبدیلی کے حوالے سے تھی ۔ اِس ترمیم کے ذریعے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے ممبران کی تعداد میں اضافے کیے گئے۔ ایڈ ہاک ججز کی تقرری کا اختیار چیف جسٹس سے کم کرکے جوڈیشنل کمیشن آف پاکستان کو دیا گیا ہے۔ پارلیمانی کمیشن کے ارکان کی تشکیل بدل دی گئی تاکہ وہ سینیٹ اور دیگر پارلیمانی ایوانوں سے اٹھائے جائیں اور پارلیمانی کمیشن کے اجلاس خفیہ ہو سکتے ہیں۔ اِس ترمیم نےفاٹا کو بھی آئینی حوالے سے حقوق دئیے یا اُس کا دائرہ کار بڑھایا۔
بیسویں ترمیم 2012ء میں سامنے آئی اس کے تحت انتخابی عمل کے حوالے سےآرٹیکل 48، 214، 215، 216، 218، 219، 224، 224A وغیرہ میں تبدیلیاں کی گئیں تاکہ نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کے کام کو بہتر اورمنظم کیا جائے۔ صوبائی اور وفاقی سطح پر نگران وزیراعلیٰ اور وزیراعظم کے تقرر کے لیے کمیٹی بنانے کی شقیں متعارف کروائی گئیں اور اگر کمیٹی تین دن میں کسی نتیجہ تک نہ پہنچے تو یہ معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر (CEC) اور الیکشن کمیشن کے دیگر ارکان کے عہدوں سے مستفید ہونے اور ہٹائے جانے کے طریقہ کار کی ترامیم بھی کی گئیں۔
اکیسویں ترمیم2015ء میں دہشت گردی کے مقدمات کے لیے ملٹری کورٹس قائم کرنے کی اجازت کے حوالے سے کی گئی ۔ اِس کا مقصد دہشت گردی کے خلاف مقدمات کو تیزی سے نمٹانا تھا ، خصوصاً دہشت گردی اور اس کے معاونین کے خلاف۔
بائیسویں ترمیم 2016ءمیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مزید اختیارات دئیے گئے اور چیف الیکشن کمشنر (CEC) کی تقرری اور اختیارات میں تبدیلیاں کی گئیں۔ بعض قانونی شقوں میں ترمیم کی گئی تاکہ ECP کا کام بہتر اور زیادہ شفاف ہو سکے۔
تئیسویں ترمیم 2017ءمیں لائی گئی جس کے تحت ملٹری کورٹس (فوجی عدالتوں) کودو سال کے لیے دوبارہ بحال کیا گیا تاکہ وہ دہشت گردی کے مقدمات سن سکیں گویا21ویں ترمیم کی مدّت کو بڑھایا گیا ۔
چوبیسویں ترمیم کے ذریعے 2017ءمیں قومی اسمبلی کی نشستوں کی دوبارہ تقسیم کی گئی، یعنی صوبوں کے درمیان نشستوں کا تناسب بدل دیا گیا، خصوصاً مردم شماری کے نتائج کے بعد۔ انتخابی حدودیا انتخابی حلقوں کی حد بندی کو ممکن بنانے کے لیے قانونی شقیں بدلی گئیں تاکہ مردم شماری کے عارضی نتائج کی بنیاد پرحد بندی کی جاسکے۔
پچیسویں ترمیم کے ذریعے 2018ءمیں فاٹا کے علاقے کو قانونی اور آئینی طور پر صوبہ خیبر پختونخوامیں ضم کیا گیا۔ قبائلی علاقوںپر پرانا قانون (FCR ) ختم کیا گیا۔ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کا دائرہ اختیار قبائلی علاقوں تک بڑھایا گیا، یعنی عدالتوں کو ان علاقوں میں قانونی صلاحیت دی گئی۔
چھبیسویں ترمیم 2024ءمیں لائی گئی جس کے ذریعے عدلیہ کے ڈھانچے اور طریقہ کار میں بڑی تبدیلی لائی گئی۔ جسٹس کمیشن آف پاکستان (JCP) کی ترکیب بدل دی گئی۔ چیف جسٹس آف پاکستان کی مدت کوصرف 3 سال تک محدود کیا گیا۔ سپریم کورٹ کےsuo motu اختیار (خود کار نوٹس لینے کی طاقت) کو محدود کیا گیا ۔ نیا آرٹیکل9A متعارف کروایا گیا ہے جس کے تحت “صاف، صحت مند اور پائیدار ماحول” کو بنیادی حق قرار دیا گیا ۔ پارلیمنٹ میں 12 ارکان پر مشتملایک خصوصی کمیٹی بنائی گئی جو چیف جسٹس کے انتخاب میں حصہ لے گی۔
ستائیسویں ترمیم 2025ءمیں لائی گئی جس کے ذریعے عدالتی ڈھانچےمیں بڑا اصلاحی پیکیج لایا گیا، ایک نئی وفاقی آئینی عدالت قائم کرنے کی تجویز دی گئی ۔ آرٹیکل 243 میں ترمیم کی گئی ہے جو فوجی کمانڈ اسٹرکچر سے متعلق ہے جس میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (CJCSC) کا عہدہ ختم کرنے اور آرمی چیف کو نئے اختیارات دینے کی بات ہے۔
فیلڈ مارشل، ایئر فورس مارشل یا ایڈمرل آف دی فلیٹ جیسے سینئر فوجی عہدوں کو لائف ٹائم درجہ دینے کی شق ہے۔ صوبوں اور وفاقی حکومت کے درمیان مالیاتی اور انتظامی اختیارات کا جائزہ لیا جائے گا اور کچھ معاملات صوبوں سے وفاق کو منتقل کیے گئےہیں۔ پارلیمانی کم از کم کابینہ کا سائز تبدیل کرنے کی تجویز ہے۔ چھوٹے صوبوں میں کابینہ ممبران کی تعداد بڑھانے کی شق ہے۔ مقدمات کے فیصلے اور عدالتوں کو نئے طریقے سے منظم کرنے کی تجویز ہے، اور بعض آرٹیکلز میں سپریم کورٹ کے اختیارات کم کرکے نئی آئینی عدالت کو کچھ ذمہ داریاں دینے کی بات کی گئی ہے۔ سب سے اہم یہ کہ صدر مملکت کو تاحیات قانون سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔
بظاہردیکھا جائے توتمام ترامیم ہی انتظامی حوالے سے اور وسیع تر عوامی مفاد میں کی گئی محسوس ہوتی ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ” وسیع تر عوامی مفاد” چند افراد کے گرد ہی محدود ہے ۔
دستورپاکستان میں مختلف اوقات میں ترامیم تو کی جاتی رہی ہیں مگر پھر بھی یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ اپنی اصلی حالت میں موجود ہے ۔ ہمیں اس دعوے پر اعتراض نہیں ہے کیونکہ دعیٰ تو کچھ بھی کیا جاسکتا ، مگر دُکھ اس بات پر ہوتا ہے کہ دستور میں درج ہر وہ کام یا حق جو ایک عام آدم کو ملنا چاہئے صرف اُسی کی راہ میں مشکلات حائل ہوتی ہیں، صرف اُنہی شقوں پر عملدرآمد میں رکاوٹیں کھڑی ہو جاتی ہیں جو پاکستان کی عوام کو ایک قوم بننے میں مدگار ثابت ہو سکتی ہیں یا ملک کو ایک اسلامی فلاحی ریاست کی طرف لے کر جاتی ہوں ۔اِس حوالے سے عوام کو یا اللہ کو دکھانے کے لئے جو چند کوششیں کی گئیں صرف وہی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکیں ورنہ دستور میں ترمیم کی تمام کوششیں بخوبی انجام پائی ہیں۔حقیقت یہ ہے کہ طاقتور اور حکمران طبقہ اپنے حقوق بھی حاصل کر لیتا ہے اور تمام تر مراعات بھی وصول کر لیتا ہے مگر غریب اور مجبور طبقے کو خواری اور مشقت کے سوا کچھ نہیں ملتا ۔
دستور پاکستان کی تازہ ترین صورت کے مطابق اب حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں کو یہ تحفظ حاصل ہے کہ وہ کہیںبھی پاکستانی قانون کے تحت کسی کو جوابدہ نہیں ہیں ۔پاکستان سے باہر جا کر وہ ہوائی اڈے پر قطار میں بھی کھڑے ہوں گے اورٹیکسی یا میٹرو کے انتظار میں سڑک کے کنارے کھڑے بھی نظر آئیں گے ،نہیں نظر آئیں گے تو پاکستان کے اندر قانون کے کٹہرے میں نظر نہیں آئیں گے۔ دستور میں قانون سے بالاتر ہونے کے حوالے سے شق شامل کرنے والے شاید یہ سمجھ بیٹھے ہیں کہ جو کچھ ہے ،اِسی دنیا میں ہے ،اُنہیں آخرت کے حساب کا شاید احساس نہیں ہے یا وہ اُس کو بھلا بیٹھے ہیں مگر ایسا نہیں ہے ۔اُن کی یاداشت کے لئے عرض ہے کہ قانون سے بالا تر تو کوئی بھی نہیں ہے ،وہ خواہ نبی کی بیٹی ہی کیوں نہ ہو۔
عرب کے قبیلہ بنو مخزوم کی ایک عورت نے چوری کی اور اُس قبیلے نے چاہا کہ اُس عورت کو سزا نہ ملے کیونکہ وہ بڑے خاندان سے تعلق رکھتی تھی۔ اُنہوں نے سفارش کے لیے حضرت اسامہ بن زیدؓ کو بھیجا کہ وہ رسول اللہ ﷺ سے بات کریں تاکہ عورت کی سزا معاف ہو جائے۔جب حضرت اسامہؓ نے سفارش کی تو نبی کریم ﷺ شدید ناراض ہوئے اور فرمایا؛”کیا تم اللہ کی حدود میں سفارش کرتے ہو؟”پھر آپ ﷺ نے خطبہ دیا اور فرمایا؛”تم سے پہلی قومیں اِسی وجہ سے ہلاک ہوئیں کہ جب اُن میں کوئی امیر شخص چوری کرتا تو اُسے چھوڑ دیتے اور جب کوئی غریب چوری کرتا تو اُسے سزا دیتے۔خدا کی قسم! اگر محمد کی بیٹی فاطمہؓ بھی چوری کرے، تو میں اُس کا ہاتھ بھی ضرور کاٹوں گا۔نبی کریم ﷺ نے اپنی سب سے محبوب بیٹی فاطمہؓکا حوالہ یقیناًاِس لیے دیا تاکہ اُمّت پر عدل کی اہمیت ہمیشہ کے لیے واضح ہو جائے ۔ قانون سب کے لیے برابر ہے۔رشتہ، خاندان یا مقام کے باعث کوئی شخص سزا سے نہیں بچ سکتا۔
اسلامی جمہوریہ پاکستان میں قانون سے استثنیٰ نہ پہلے ہونا چاہئے تھا نہ اب اور نہ مستقبل میں۔یہاں یہ بات بھی واضح ہو جانی چاہئے کہ دستور میں یہ شق ڈالنے والے ناانصافی پیدا کرنے کے محرک ہونے کے مجرم ہی ہوئے ہیں اُنہیں اس قانون سے قطعاً کوئی رعایت ملنے والی نہیں ہے۔بدقسمتی سے دستور میں تبدیلی کے لئے ووٹ دینے والے بہت سے ایسے بھی ہوتے ہیں جنہیں بل کو پڑھنے کا موقع ہی نہیں ملا ہوتا یا پھر وہ بل کو پڑھنے کے قابل ہی نہیں ہوتے ۔ایسے میں گزارش ہے کہ اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے دستور پاکستان میں سے قانونی استثنیٰ والی شق نکلوائیں ورنہ یہاں کا مال تو یہاں ہی رہ جائے گاوہ آگے کچھ بھی نہ لے جاسکیں گے خصوصاً جو اِس حوالے سے وہ جمع کرچکے ہیں۔