November 17, 2026

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ سے تاجر رہنماؤں اور صحافیوں کے وفود نے قصرِ ناصر ہاؤس روہڑی میں ملاقات کی،

IMG-20251122-WA0104

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ سے تاجر رہنماؤں اور صحافیوں کے وفود نے قصرِ ناصر ہاؤس روہڑی میں ملاقات کی، جس میں کاروباری برادری اور صحافیوں کو درپیش مسائل تفصیل سے زیرِ بحث آئے۔ چیئرمین نے تمام مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔آئرن مارکیٹ ایسوسی ایشن گولیمار سکھر کے وفد نے صدر خورشید احمد میرانی کی قیادت میں ملاقات کی، جبکہ تاجر سپریم کونسل کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ تاجروں نے شہر میں کاروباری طبقے کو درپیش مسائل، ٹریفک کی بے ترتیبی، صفائی ستھرائی، تجاوزات اور دیگر انتظامی امور پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔سید کمیل حیدر شاہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری ملک کی ترقی اور معاشی استحکام کا اہم ستون ہے۔ “تاجروں کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے، انہیں ہرگز نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔” انہوں نے فوری طور پر متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ تاجروں کے مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ملاقات میں سکھر پریس کلب کے صدر آصف ظہر خان لودھی اور جنرل سیکریٹری امداد بوزدار بھی موجود تھے۔ انہوں نے صحافیوں کو درپیش پیشہ ورانہ مشکلات، فیلڈ کوریج میں رکاوٹیں اور حفاظتی اقدامات کے فقدان جیسے امور سے چیئرمین کو آگاہ کیا۔سید کمیل حیدر شاہ نے صحافیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور آواز ہیں، اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اس سے قبل خواتین اور علاقائی مکینوں نے بھی چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سے الگ ملاقاتوں میں علاقائی مسائل، پینے کے پانی کی فراہمی، گلیوں کی خستہ حالی، سیوریج اور صفائی کے مسائل پر شکایات پیش کیں۔ سید کمیل حیدر شاہ نے تمام وفود کو یقین دلایا کہ ان کی شکایات کو نہ صرف نوٹ کیا گیا ہے بلکہ ان کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔قصرِ ناصر ہاؤس روہڑی میں صبح سے رات گئے تک شہریوں، تاجروں، خواتین، بزرگوں اور علاقائی نمائندوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سید کمیل حیدر شاہ روزانہ کی بنیاد پر ملاقاتیں کرتے ہیں، مسائل سنتے ہیں اور ان کے حل کے لیے فوری احکامات جاری کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہیں شہر میں تاجروں، صحافیوں اور عام شہریوں میں غیر معمولی اعتماد اور محبت حاصل ہے۔